Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / والدہ کا انتقال، پاکستانی بولر عرفان آسٹریلیا سے واپس

والدہ کا انتقال، پاکستانی بولر عرفان آسٹریلیا سے واپس

کراچی ، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عرفان والدہ کے انتقال کے سبب آسٹریلیا سے وطن واپس آرہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے ’بی بی سی‘ کو بتایا کہ محمد عرفان دورہ چھوڑ کر وطن واپس آرہے ہیں۔ تاہم ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا ہے کہ وہ دوبارہ آسٹریلیا جاسکیں گے یا ان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو آسٹریلیا بھیجا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے فی الحال پہلے ونڈے سے پہلے آسٹریلیا پہنچنا ممکن نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ونڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ جمعہ کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔ محمد عرفان آخری بار گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں ونڈے انٹرنیشنل کھیلے تھے لیکن فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے تھے۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق محمد عرفان اس وقت بھی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور اخباری اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے ونڈے سیریز کے لیے آسٹریلیا پہنچنے والے جن کرکٹرز کی فٹنس پر عدم اطمینان ظاہر کیا ہے، ان میں محمد عرفان بھی شامل ہیں حالانکہ عرفان نے حالیہ قائداعظم ٹرافی میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے سو سے زائد اوورز پھینکے اور اُن کی ٹیم قائداعظم ٹرافی جیتی تھی۔

TOPPOPULARRECENT