Saturday , April 29 2017
Home / کھیل کی خبریں / وجئے اور کوہلی کی سنچریاں ہندوستان 356/3

وجئے اور کوہلی کی سنچریاں ہندوستان 356/3

حیدرآباد ۔ 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کپتان ویراٹ کوہلی اور اوپنر مرلی وجئے نے بنگلہ دیش کی کمزور بولنگ کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں اور ہندوستان نے یہاں حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں موجود راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں مہمان ٹیم کے خلاف شروع ہوئے واحد ٹسٹ کے پہلے دن صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 356 رن کا بہترین اسکور بنا لیا ہے۔ کوہلی جوکہ 111 رنز بنا کر ناٹ آوٹ ہوئے ہیں وہ اس سنچری کے ذریعہ ٹسٹ میں 15 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دینے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ ان سے قبل وجئے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 108 رنز اسکور کئے۔ علاوہ ازیں انہوں نے نمبر 3 پر بیٹنگ کرنے والے چیٹیشور پجارا کے ہمراہ ٹیم کو ابتدائی نقصان کے بعد ایک بہترین شروعات فراہم کی۔

وجئے نے اپنی نویں ٹسٹ سنچری کے دوران 160 گیندوں کا سامنا کیا، جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل ہے جو انہوں نے بنگلہ دیش کے اہم اسپنر شکیب الحسن کو مارا۔ وجئے کو اس وقت ایک موقع ملا جب بنگلہ دیشی کھلاڑی انہیں رن آوٹ کرنے میں ناکام ہوئے۔ جس وقت بنگلہ دیشی فیلڈروں نے وجئے کو آوٹ کرنے کا موقع گنوایا اس وقت وہ 35 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔ ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن مہمان فاسٹ بولر تسکین احمد نے نہ صرف شاندار بولنگ کرتے ہوئے ہندوستانی بیٹسمینوں کو محتاط انداز اختیار کرنے پر مجبور کیا۔ تسکین کو ان کی شاندار بولنگ کا صلہ بہت جلد ہی ملا جیسا کہ انہوں نے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر کے ایل راہول کو بولڈ کردیا۔ راہول کے آوٹ ہونے کے بعد پجارا نے وجئے کے ہمراہ اننگس کو آگے بڑھاتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 178 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی۔ اس پارٹنر شپ کو مہدی حسن معراج نے اس وقت توڑا جب انہوں نے پجارا کو وکٹوں کے پیچھے مشفق الرحیم کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا۔

پجارا آوٹ ہونے سے قبل 177 گیندوں میں 83 رنز اسکور کئے جس میں 9 چوکے شامل ہیں۔ وجئے بھی سنچری مکمل کرنے کے بعد اننگز کو بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کر پائے اور تاج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ وجئے نے 160 گیندوں میں 12 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 108 رنز بنائے۔ دن کے اختتام پر کوہلی 141 گیندوں میں 111 رنز اسکور کر چکے ہیں جس میں 12 چوکے شامل ہیں جبکہ ٹیم میں صحتیاب ہوکر واپس آنے والے میڈل آرڈر بیٹسمین اجنکیا راہنے نے بھی شاندار فام کا اشارہ دیتے ہوئے 60 گیندوں میں 45 رنز بنا لئے ہیں جس میں 7 چوکے شامل ہیں۔ دونوں کے درمیان 124 رنز کی پارٹنر شپ بن چکی ہے ۔ کوہلی جو ان دنوں شاندار فام میں ہے وہ پہلے دن سنچری اسکور کرتے ہوئے مقامی شائقین کیلئے ایک اور ڈبل سنچری کی امید جگہ دی ہے جبکہ حیدرآبادی شائقین ان سے یہاں ایک ریکارڈ اننگز کی امید کررہے ہیں۔ بنگلہ دیشی بولر چند ایک مواقع کے علاوہ مکمل دن جدوجہد کرتے نظر آئے جن میں خاص کرکے قمرالاسلام قابل ذکر ہیں جنہوں نے 17 اوورس میں 91 رنز دیئے۔ قمر جوکہ شاٹ پچ گیندیں ڈال رہے تھے، جس کا میزبان بیٹسمینوں نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے رن ریٹ کو بہتر سے بہتر بنایا۔ تاج الاسلام نے 20 اوورس میں 50 رنز کے اوورس ایک وکٹ لیتے ہوئے کافی کفایتی بولنگ کی جبکہ مہدی حسن نے 20 اوورس میں 93 رنز کے عوض ایک اور تسکین 51 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ شکیب الحسن 13 اوورس میں 45 رنز دیئے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT