Wednesday , October 18 2017
Home / Top Stories / وجئے روپانی گجرات کے نئے چیف منسٹر ہونگے

وجئے روپانی گجرات کے نئے چیف منسٹر ہونگے

نتن پٹیل ڈپٹی چیف منسٹر ۔پارٹی ارکان اسمبلی اجلاس میں فیصلہ ۔ کل حلف برداری
احمد آباد، 5 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی رکن اسمبلی وجئے روپانی گجرات کے نئے چیف منسٹر ہونگے ۔ نتن پٹیل ڈپٹی چیف منسٹر ہوں گے۔ ان کی حلف برداری اتوار 7  اگسٹ کو منعقد ہوگی ۔ پارٹی ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس آج شام منعقد ہوا جس میں بی جے پی کے صدر امیت شاہ اور سینئر لیڈر نتن گڈکری نے بھی شرکت کی ۔ وجئے روپانی بی جے پی کے ریاستی صدر ہیں اور وہ آنندی بین پٹیل کی کابینہ میں ٹرانسپورٹ ‘ آبی وسائل ‘ روزگار اور لیبر کے وزیر تھے ۔ انہیں 2014ء میں پہلی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب کیا گیا تھا ۔ وہ راجکوٹ ویسٹ نشست سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔ اس حلقہ کی نمائندگی پہلے وجو بھائی والا کرتے تھے جو کرناٹک کے گورنر بن گئے ہیں۔ وجئے روپانی کو انتہائی غیر متنازعہ اور آنندی بین پٹیل کے جانشین کی حیثیت سے دیکھا جا رہا تھا اور انہیں پارٹی کیڈر میں بڑی حد تک قبول کیا جاتا ہے ۔ نئے چیف منسٹر کا انتخاب چند دن کی قیاس آرائیوں کے بعدک یا گیا ہے ۔ یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ پارٹی صدر امیت شاہ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ تاہم چہارشنبہ کو سینئر لیڈر وینکیا نائیڈو نے کہا تھا کہ امیت شاہ پارٹی کے قومی صدر برقرار رہیں گے ۔ آنندی بین پٹیل نے چہارشنبہ کی شام گورنر او پی کوہلی سے ملاقات کرکے اپنا استعفیٰ پیش کردیا تھا جسے پہلے بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ نے بھی قبول کرلیا تھا ۔ گجرات میں بی جے پی کیلئے مشکلات کے دوران آنندی بین پٹیل کی صلاحیتوں پر اکثر و بیشتر سوالات اٹھتے رہے تھے ۔ پٹیل برادری کو تحفظات کے مسئلہ پر ہوئے احتجاج سے نمٹنے کے معاملہ میں بھی آنندی بین پٹیل پر سخت تنقیدیں کی گئی تھیں۔ ریاست کے اونا ضلع میں دلتوں کو مار پیٹ کے مسئلہ پر بھی چیف منسٹر پر سخت تنقیدیں کی گئی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT