Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / وجئے مالیا کو دیا گیا ایک ایک پیسہ وصول کیا جائے گا : ارون جیٹلی

وجئے مالیا کو دیا گیا ایک ایک پیسہ وصول کیا جائے گا : ارون جیٹلی

ممبئی میں کنگ فشر ہاوز کی نیلامی ناکام ، بولی دینے کے لئے کوئی تیار نہیں

نئی دہلی ۔ /17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملک سے فرار ہونے والے وجئے مالیا کے بارے میں بڑھتے تنازعہ کے درمیان وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ بنکوں کی جانب سے وجئے مالیا کو دیا گیا ایک ایک پیسہ وصول کیا جائے گا ۔ یہ بینکس اپنے قرض کی پائی پائی حاصل کریں گے ۔ تحقیقاتی ایجنسیاں بھی اس شراب کے بیوپاری کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں گی ۔ وہ قانون کی خلاف ورزیوں کے پے در پے مرتکب ہورہے ہیں ۔ وجئے مالیا فضائی کمپنی کنگ فشر کے طویل مدتی پروموٹر ہیں وہ /2 مارچ کو ہندوستان سے چلے گئے اندازہ ہے کہ وہ لندن میں مقیم ہیں ۔ سپریم کورٹ میں سرکاری بنکوں کی جانب سے داخل کردہ درخواست اور وجئے مالیا کے گروپ آف فرمس سے وصول ہونے والے 4000 کروڑ کے حصول کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے بعد مالیا ملک سے فرار ہوگئے ہیں ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ مالیا کے بارے میں حقائق پوری طرح واضح ہیں ۔ حکومت کی ہر ایک ایجنسی چاہے وہ محکمہ ٹیکس ہو یا تحقیقاتی ایجنسی ان کی قانونی خلاف ورزیوں کا نوٹ لیں گے اور شدید کارروائی کی جائے گی ۔

ان کے پاس موجود بنکوں کا پیسہ واپس لیا جائے گا۔ وزیر فینانس یہاں منعقدہ انڈیا ٹوڈے جلسہ کے دوران سوالات کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت مالیہ کے بارے میں باقاعدگیوں سے سختی سے نمٹے گی ۔ اس دوران ممبئی میں کنگ فشر ہاوز کو ہراج کرنے کی کوشش کی گئی ۔ یہ مکان وجئے مالیا کی سابق ایرلائین کمپنی کنگ فشر کا ہیڈکوارٹر ہے ۔ اس کو ہراج کرنے کی کوشش ناکام ثابت ہوئی ۔ اس مکان کی خریداری یا بولی دینے کے لئے کوئی بھی آگے نہیں آیا ۔ لہذا یہ ہراج کی کوشش فلاپ شو ثابت ہوئی ۔ بولی لگانے والوں کو اندیشہ تھا کہ اس مکان کی خریدی قانونی چارہ جوئی کا شکار بناسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ مکان کی قیمت 150 کروڑ روپئے رکھی گئی تھی ۔ ہراج ناکام ہونے کے بعد قرض دہندگان کو اپنا قرض واپس حاصل کرنے میں ناکامی ہوئی ۔ جائیداد کا ہراج جو ممبئی کے اہم علاقہ والے پرل میں واقع ہے 17000 مربع فٹ پر تعمیر شدہ ہے ۔ ڈومیسٹک ایرپورٹ کے قریب اس جائیداد کو ہراج کرنے کی کارروائی دن کے 11 بجکر 30 منٹ کو شروع کی گئی ۔ ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد بھی کوئی بولی نہیں دی گئی ۔ کیوں کہ یہاں کوئی بولی دہندہ ہی نہیں پہونچا تھا ۔ ہراج کا انتظام کرنے والے عہدیدار نے کہا کہ اس جائیداد کی قیمت کو دیکھ کر شائد کوئی بولی دہندہ ہمت نہیں کرسکا ۔ اس کنگ فشر مکان کی قیمت 150 کروڑ روپئے مختص کی گئی تھی ۔

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو فی الفور حاضری سے وجئے مالیا کا انکار
ممبئی۔/17مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) شراب کے تاجر وجئے مالیا نے آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو شخصی طور پر حاضری کیلئے اپریل تک مہلت طلب کی ہے۔ اس طرح انہوں نے یہ واضح کردیا ہے کہ ایجنسی کے روبرو فی الفور حاضری سے قاصر ہیں جس نے IDBI بینک کے نادہندہ قرض کیس میں سمن جاری کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامور صنعت کار نے انفورسمنٹ ڈائرکٹویٹ کے تحقیقات کاروں کو مطلع کردیا ہے کہ وہ کل پوتھ تاچھ کیلئے حاضر نہیںہوسکتے اور انہیں ماہ اپریل تک مہلت دی جائے۔ تاہم تحقیقاتی عہدیدار بہت جلد وجئے مالیا کی درخواست پر فیصلہ کریں گے کہ انہیں یہ مہلت دی جائے یا نہیں۔ واضح رہے کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے قانون انسداد منی لانڈرنگ کے خلاف 18مارچ کو شخصی طور پر حاضر ہونے کیلئے وجئے مالیا کو سمن جاری کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT