Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / وجئے مالیا کی آج حاضری کی ہنوز تصدیق نہیں : ای ڈی

وجئے مالیا کی آج حاضری کی ہنوز تصدیق نہیں : ای ڈی

900 کروڑ روپئے کے لون فراڈ کیس میں یو بی گروپ چیئرمین کیخلاف تیسرا سمن قطعی ہونیکا اندیشہ
نئی دہلی ؍ ممبئی ، 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو شراب کے بڑے تاجر وجئے مالیا کے خلاف جاری کردہ اپنے تیسرے سمن کے جواب میں ہنوز پیام وصول نہیں ہوا ہے۔ انھیں زائد از 900 کروڑ روپئے کے آئی ڈی بی آئی لون فراڈ کیس میں غیرقانونی رقمی لین دین کی تحقیقات کے سلسلے میں کل ہفتہ کو ممبئی میں ای ڈی سے وابستہ تحقیقات کاروں کے روبرو حاضر ہونے کیلئے کہا گیا ہے۔ اس ایجنسی نے تازہ سمن اور اس سلسلے کا تیسرا بھی گزشتہ ہفتے مالیا کو جاری کرتے ہوئے اُن سے 9 اپریل کو اپنے روبرو حاضری کیلئے کہا گیا تھا، جب کہ وہ اس سے قبل کی تواریخ 18 مارچ اور 2 اپریل کو بعض سرکاری وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے دو مرتبہ توسیع طلب کرچکے تھے۔

عہدیداروں نے کہا کہ انھیں کوئی خبر نہیں کہ آیا وہ تحقیقات میں شامل ہونے کیلئے وطن کو آرہے ہیں یا پھر سے غیرحاضر رہیں گے۔ انھوں نے یہ بھی نہیں کہا کہ اگر یونائیٹیڈ بروریز (یو بی) گروپ چیئرمین کل کی تاریخ کو نظرانداز کردیتے ہیں تو اُن کے پاسپورٹ کی تنسیخ کا اگلا قانونی لائحہ عمل اختیار کیا جائے یا وہ اُن کے خلاف واضح کارروائی کرتے ہوئے عدالت سے ناقابل ضمانت وارنٹ حاصل کریں گے۔ ای ڈی عہدیداروں نے قبل ازیں اشارہ دیا تھا کہ 9 اپریل کے سمن ممکنہ طور پر مالیا کیلئے قطعی ہوسکتے ہیں کیونکہ قانون انسدادِ غیرقانونی رقمی لین دین (پی ایم ایل اے) کے تحت اس طرح کی کارروائی زیادہ سے زیادہ صرف تین مرتبہ ہی کی جاسکتی ہے۔ اس کیس کے تحقیقاتی عہدہ دار (آئی او) نے اُن کی حاضری کو ملتوی کرنے کیلئے اُن کی استدعا کو فنی اور قانونی دونوں اعتبار سے اب تک کیلئے قبول کیا تھا۔ سمجھا جاتا ہے کہ مالیا نے دونوں بار توسیع طلب کرتے ہوئے آئی او کو مطلع کیا تھا کہ بینک قرضوں سے متعلق مقدمات موجودہ طور پر سپریم میں زیردوراں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT