Tuesday , May 23 2017
Home / Top Stories / وجئے ملیا لندن میں گرفتاراور ضمانت پر رہا

وجئے ملیا لندن میں گرفتاراور ضمانت پر رہا

لندن 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ ہندوستانی صنعتکار و بزنس مین وجئے ملیا کو جنھیں اشتہاری مجرم قرار دیا جاچکا ہے، لندن میں آج اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جن کی حوالگی کے لئے ہندوستان نے درخواست کی تھی۔ شراب کے تاجر و صنعتکار 61 سالہ وجئے ملیا، ہندوستان کے ایک پولیس اسٹیشن میں قرضوں کی عدم واپسی کے ضمن میں مطلوب تھے۔ اُنھیں لندن کے ایک پولیس اسٹیشن میں حاضری کے موقع پر آج صبح گرفتار کیا گیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے پی ٹی آئی سے کہاکہ ’’مطلوب مجرمین کو ان کے متعلقہ ملک کو حوالگی کے متعلق میٹرو پولیٹن پولیس نے آج صبح ایک شخص کو ملک سے اخراج کے وارنٹ پر گرفتار کیا۔ وجئے ملیا کو دھوکہ دہی کے ضمن میں ہندوستانی حکام کی (درخواست) ایماء پر گرفتار کیا گیا ہے‘‘۔ وہ لندن میں ویسٹ منٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں حاضر ہوئے اورآج دن میں اُنھیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ وجئے ملیا کی فی الحال غیر کارکرد ہوچکی کنگ فشر ایرلائنس مختلف بینکوں کو 9000 کروڑ روپئے کے قرض باقی ہے۔ اور وہ 2 مارچ 2016 ء کو ہندوستان سے فرار ہوگئے تھے۔ سینئر ہندوستانی عہدیداروں نے ملیا کی گرفتاری کو اس مقدمہ میں پہلی کامیابی قرار دیا ہے۔ جس میں اب برطانیہ میں ایک قانونی عمل سے گزرنا ہوگا تاکہ یہ فیصلہ ہوسکے کہ آیا وجئے ملیا کو ہندوستانی عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے ملک بدر کیا جائے۔ ہندوستان نے وجئے ملیا کی حوالگی کے لئے 8 فروری کو برطانیہ سے رسمی درخواست کی تھی۔ ہندوستان اور برطانیہ کے مابین طے شدہ حوالگی کے سمجھوتہ کے تحت پیش کردہ اپنی درخواست کے ساتھ نئی دہلی نے لندن سے کہا تھا کہ ملیا کے خلاف واجبی مقدمات زیردوران ہیں اور ادعا کیا تھا کہ حوالگی کی درخواست کا احترام کیا جاتا ہے تو اس سے ہماری تشویش پر برطانیہ کی سنجیدگی کا اظہار ہوگا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT