Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / وجئے ملیا کا راجیہ سبھا سے اخراج تقریبا یقینی

وجئے ملیا کا راجیہ سبھا سے اخراج تقریبا یقینی

صدر نشین حامد انصاری نے استعفی مسترد کردیا ۔ مکتوب طریقہ کار کے مطابق نہیں
نئی دہلی 3 مئی ( سیاست ڈآٹ کام ) شراب کے تاجر وجئے ملیا کا راجیہ سبھا سے اخراج اب تقریبا یقینی ہوگیا ہے کیونکہ صدر نشین راجیہ سبھا جناب حامد انصاری نے آج ان کے استعفے کو طریقہ کار کی بنیادوں پر مسترد کردیا اور اخلاقیات کمیٹی نے بھی اسے قبول کرنے سے انکار کردیا ۔ جناب حامد انصاری کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی گردیپ سنگھ سپل نے ٹوئیٹر پر سکریٹری جنرل کے مکتوب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر نشین راجیہ سبھا جناب حامد انصاری نے وجئے ملیا کا استعفی قبول نہیں کیا ہے ۔ سکریٹری جنرل راجیہ سبھا نے بھی وجئے ملیا کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مکتوب استعفی مروجہ طریقہ کار کے مطابق نہیں ہے اور اس پر ان کی اصل دستخط بھی نہیں ہے ۔ راجیہ سبھا کے قوانین کے رول 213 کے مطابق کسی بھی رکن کا استعفی رضاکارانہ اور حقیقی ہونا چاہئے ۔ وجئے ملیا نے لندن میں اپنی پناہ گاہ سے مکتوب استعفی کی اسکان کردہ نقل جناب حامد انصاری کو روانہ کی تھی ۔ یہ استعفی در اصل راجیہ سبھا سے اخراج سے بچنے کی کوشش تھا ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں تحریر کیا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے نام پر مزید کیچڑ اچھالا جائے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حالیہ واقعات سے یہ ان کا خیال ہے کہ ملک میں ان سے انصاف نہیں ہوسکتا اسی لئے وہ راجیہ سبھا کی رکنیت سے فوری اثر سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ راجیہ سبھا سیکریٹریٹ کے ذرائع نے کہا کہ وجئے ملیا کی دستخط اسکان کرکے چسپاں کی گئی ہے اور یہ طریقہ کار کے مطابق اطمینان بخش طریقہ کار نہیں ہے ۔ راجیہ سبھا کی اخلاقیات کمیٹی کا بھی ایک اجلاس آج کرن سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ کمیٹی نے بھی کہا کہ یہ غلط طریقہ کار تھا اور استعفی مسترد کیا جاتا ہے ۔ اس کمیٹی کے ارکان نے قرض کی ادائیگی کے تعلق سے ملیا کے جواب کو غیر اطمینان بخش قرار دیا تھا ۔ ارکان کا یہ خیال تھا کہ وجئے ملیا کا طرز عمل راجیہ سبھا رکن کو ذیب نہیںدیتا ۔ ذرائع کے بموجب یہ کمیٹی اپنی رپورٹ راجیہ سبھا میں کل پیش کریگی ۔ ایوان سے کسی رکن کے اخراج کیلئے یہاں ایک تحریک پیش کرنی پڑتی ہے اور اسے ایوان میںمنظوری ملنی لازمی ہے ۔ کرن سنگھ نے آج کے اجلاس کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ۔

TOPPOPULARRECENT