Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / وجئے وارہ میں خوفناک بس حادثہ، چار میڈیکل طلباء ہلاک

وجئے وارہ میں خوفناک بس حادثہ، چار میڈیکل طلباء ہلاک

تیز رفتار خانگی لکژری بس درخت سے ٹکرا گئی، شرابی بس ڈرائیور بھی مہلوکین میں شامل
وجئے واڑہ 15 مارچ (پی ٹی آئی) آندھراپردیش میں آج پیش آئے دو مختلف سڑک حادثات میں بشمول چار میڈیکل طلباء 11 افراد ہلاک اور دیگر 40 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کہاکہ وجئے واڑہ کے مضافات میں سوریہ پالم کے قریب قومی شاہراہ 65 پر ایک خانگی والوو بس درخت سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی جس میں سوار چار نوجوان ہلاک ہوگئے جو حیدرآباد کے عثمانیہ میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے طالب علم تھے۔ گزشتہ رات پیش آئے اس حادثہ میں دیگر 31 طلباء زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں ڈرائیور بھی شامل ہے۔ زخمی طلبہ نے کہاکہ حادثہ میں فوت ڈرائیور حالت نشہ میں تھا۔ یہ طلباء ضلع مشرقی گوداوری کے املاپورم سے خصوصی طور پر حاصل کردہ کرایہ کی لکژری بس سے حیدرآباد واپس ہورہے تھے کہ نصف شب کو یہ حادثہ پیش آیا۔ اس بس میں تمام 48 میڈیکل اسٹوڈنٹس تھے جو املاپورم میں ایک اسپورٹس پروگرام میں حصہ لینے کے بعد شہر واپس ہورہے تھے۔ متوفی طلبہ کی چوتھے سال کے طالب علم ایم پرانائے اور راجہ رام کے علاوہ ہاؤز سرجن سرجنس گری لکشمن اور ایم ونئے تیجا کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ وجئے واڑہ ہاسپٹل میں زیرعلاج چند زخمی طلبہ نے کہاکہ ’’ہمیشہ شبہ تھا کہ ڈرائیور حالت نشہ میں تھا اور ہم نے بس آپریٹر سے ڈرائیور تبدیل کرنے کے لئے کہا تھا، آپریٹر نے یقین دلایا تھا کہ وجئے واڑہ میں ڈرائیور تبدیل کردیا جائے گا اور شرابی ڈرائیور تیز رفتاری سے بس چلا رہا تھا جو درخت سے ٹکرا گئی۔ تلنگانہ کے وزیر صحت پی لکشما ریڈی، زخمی طلبہ کی عیادت کے لئے وجئے واڑہ روانہ ہوگئے۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے چیف منسٹرس این چندرابابو نائیڈو اور کے چندرشیکھر راؤ نے اس حادثہ پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT