Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / وجراء بس سرویس میں ڈرائیورس سے ٹکٹس حاصل کرنے کی سہولت

وجراء بس سرویس میں ڈرائیورس سے ٹکٹس حاصل کرنے کی سہولت

نئے روٹس میں اضافہ، بس اسٹانڈس میں توقف کریں گے
حیدرآباد ۔ 26 اگست (سیاست نیوز) بناء تجربہ کے آر ٹی سی عہدیداران کو کوئی بات سمجھ میں نہیں آتی۔ ملکی سطح پر پہلی مرتبہ شروع کی گئی وجرا بس سرویس کے معاملہ میں ہاتھ جلنے کے بعد غلطیوں کا احساس کرتے ہوئے اصلاح شروع کی ہے۔ وجرا بسوں میں مسافرین کو ٹکٹ کی عدم سہولت کے ذریعہ سرویسیس کا آغاز کیا گیا تھا اور اب آن لائن کے ساتھ ساتھ بس ڈرائیور کے پاس بھی ٹکٹس کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور اس عمل کی تکمیل کیلئے ڈرائیورس کے پاس موجود ٹیابس کو منی پرنٹرس مشن سے جوڑا گیا ہے اور اب مسافر راست طور پر ڈرائیورس کے پاس رقم کی ادائیگی کے ذریعہ ٹکٹس حاصل کرسکتے ہیں۔ وجرا بس سرویس کے آغاز سے ہی ڈرائیورس کو ٹیابس فراہم کئے گئے تھے اور ان ٹیابس میں آن لائن ٹکٹس بک کرنے والوں کی تفصیلات ہوا کرتی تھیں اور اس کے ذریعہ مسافرین کے سوار ہونے کے مقامات کی بھی اطلاع ہوا کرتی تھی مگر اب انہیں ٹیابس کے ذریعہ مسافرین کو ٹکٹس فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ درمیان میں بغیر آن لائن ٹکٹ کے سوار ہونے والے مسافرین کو ڈرائیورس ٹکٹ بک کریں گے اور ان ٹکٹس کی تفصیلات مسافرین کے سیل فونس پر بذریعہ ایس ایم ایس فراہم ہوں گی۔ واضح ہوکہ وجرا بسیس بس اسٹانڈس میں داخل نہیں ہوا کرتی تھیں مگر اب حیدرآباد میں املی بن اور جے بی ایس بس اسٹانڈس میں آئیں گی جہاں سے مسافرین ان بسوں کے ذریعہ باآسانی سفر کرسکتے ہیں اور اب عنقریب راماگنڈم کے علاوہ گوداوری کھنی تک وجرا بسوں کو چلایا جائے گا اور ان دونوں مقامات کیلئے جملہ 16 بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ وجرا اے سی بس سرویسیس حیدرآباد تا ورنگل، حیدرآباد تا نظام آباد روٹس پر چلائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے آمدنی 30 فیصد سے آگے نہیں بڑھ رہی ہے۔ تاحال ٹیاپ کے ذریعہ یا آن لائن کے ذریعہ یا اوپل اور سچترا سنٹرس کے پاس واقع ایجنٹس کے ذریعہ ہی ٹکٹس بک کرائی جارہی تھیں مگر اب عوام کو سہولت کے ساتھ ساتھ آر ٹی سی کی آمدنی میں اضافہ کیلئے بس ڈرائیورس کے پاس بھی ٹکٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT