Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / وجیندر سنگھ نے مسلسل چوتھا ناک آوٹ مقابلہ جیت لیا

وجیندر سنگھ نے مسلسل چوتھا ناک آوٹ مقابلہ جیت لیا

لیور پول 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی باکسنگ اسٹار وجیندر سنگھ کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے جنہوں نے ناک آوٹ پروفیشنل مقابلہ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے ہنگری کے الیگژینڈر ہوروتھ کو تین راونڈ میں شکست دیدی ۔ وجیندر کو اپنے مخالف کو چت کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی ۔ ہنگری کے باکسر تیسرے راونڈ میںہی مکوں کی تاب نہ لاکر گر پڑے اور پھر اٹھنے کے موقف میں نہیں رہے ۔ یہ مقابلہ چھ راونڈ کا تھا جو کل رات دیر گئے ختم ہوا ۔ وجیندر نے اس میچ میں کامیابی کے بعد کہا کہ وہ نہیں سمجھ سکتے کہ ان کے مخالف کو کیا ہوا تھا ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ مخالف مکہ باز نے کوئی بہانہ پیش کرتے ہوئے بچنے کی کوشش کی ہے ۔ ان کیلئے یہ سال کا اچھا آغاز ہے ۔ وہ خوش ہیں کہ انہوں نے ایک اور ناک آوٹ کامیابی درج کروائی ہے ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ان کیلئے اچھی شروعات ہے اور وہ ورلڈ باکسنگ ایشیا ٹائیٹل کے منتظر ہیں۔ یہ مقابلہ جاریہ سال 11 جون کو ہندوستان میںہونے والا ہے ۔ وجیندر نے کہا کہ ان کا نشانہ اب اپنے گھریلو ہجوم کے سامنے ایشیا خطاب جیتنے کا ہے ۔
وہ اس کے منتظر ہیں ۔ وہ اس سے قبل اپریل میں مزید دو ناک آوٹ مقابلوں کی تیاری کر رہے ہیں۔ 30 سالہ وجیندر اس میچ سے قبل مسلسل تین کامیابیاں حاصل کرچکے تھے ۔ اور انہوں نے اپنے مخالفین کو چت کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ہنگری کے باکسر 20 سالہ ہوروتھ اس سے قبل پروفیشنل باکسنگ کے سات مقابلوں میں حصہ لے چکے تھے ۔ کہا جاتا ہے کہ وہ اس میچ کی تیاری کیلئے سانپ کا خون پی رہے تھے لیکن اس سے بھی انہیں کوئی مدد نہیں ملی ۔ وجیندر اپنے روایتی انداز میں سنگھ از کنگ کے بالی ووٹ گیت کی دھن کے دوران رنگ میں آئے اور ہندوستا نی شائقین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT