Saturday , October 21 2017
Home / Top Stories / وجیندر نے ایشیا ٹائٹل جیت لیا، ہوپ کو شکست

وجیندر نے ایشیا ٹائٹل جیت لیا، ہوپ کو شکست

انڈین باکسر اسٹار نے آسٹریلیائی حریف کو 10 راؤنڈ میں ہرایا ۔ متواتر ساتویں فتح درج
نئی دہلی ، 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین باکسنگ اسٹار وجیندر سنگھ اپنے مائل بہ عروج پروفیشنل کریئر میں نئی بلندی تک پہنچ گئے جبکہ انھوں نے ڈبلیو بی او ایشیا ۔پسیفک مڈل ویٹ ٹائٹل سابق ڈبلیو بی سی یورپین چمپئن کیری ہوپ کے مقابل آج رات یہاں غالب کامیابی کے ساتھ جیت لیا۔ 30 سالہ ہندوستانی نے تمام 10 راؤنڈز کو بروئے کار لاتے ہوئے 34 سالہ ویلز نژاد آسٹریلیائی کو سوجھ بوجھ سے شکست دی اور پروفیشنل بننے کے بعد ایک سال میں اس سطح پر اپنی لگاتار ساتویں فتح درج کرائی ہے۔ آج رات کا مقابلہ وجیندر کیلئے اس اعتبار سے طویل ترین رہا کہ انھوں نے پروفیشنل بننے کے بعد سے باکسنگ رِنگ میں زیادہ وقت گزار کر جیت حاصل کی اور چھ ناک آؤٹ کامیابیوں کے بعد پوائنٹس کی اساس پر یہ اولین کامیابی ہے۔ ہریانہ کے چھ فیٹ قد والے باکسر 98-92، 98-92، 100-90 کے اسکور پر متفقہ ونر قرار پائے۔ وجیندر جنھیں امیچر کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے انڈیا کے پہلے اولمپک اور ورلڈ چمپئن شپس میڈلسٹ بننے کا امتیاز حاصل ہوا، انھیں شاید ہی کچھ مشکل پیش آئی حالانکہ وہ تمام 10 راؤنڈز کھیلے، اور پُرہجوم جانبدار تماشائی دیوانہ وار انداز میں ہندوستانی اسٹار کی ہمت افزائی کررہے تھے۔ انڈین باکسر کو کھیلوں، سیاست اور تفریحی صنعت کی متعدد شخصیتوں کی بھی رِنگ کے پاس سے بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی اور انھوں نے غالب پرفارمنس کے ذریعے کراؤڈ کو جنون میں مبتلا کردیا جو اُن کے زوردار مکوں اور چالاکیوں سے محظوظ ہوتے رہے۔وجیندر نے ونر کا کراؤن حاصل ہونے کے بعد کہا: ’’یہ محض میری ذات کا معاملہ نہیں، یہ میری قوم ، میرے ملک کا معاملہ ہے۔‘‘ کانگریس لیڈر راہول گاندھی سے لر مشہور خاتون باکسر ایم سی میریکوم، اسٹار ریسلر یوگیشور دت، کرکٹرز ویریندر سہواگ، یوراج سنگھ اور سریش رائنا سے لے کر ایکٹر رندیپ ہوڈا، و دیگر شخصیتیں باکسنگ رِنگ کے قریب اگلی صفوں میں موجود تھے اور وجیندر نے ایک اور عمدہ پرفارمنس کے ذریعے کسی کو بھی مایوس نہیں کیا ، حالانکہ یہ 10 راؤنڈ کا مقابلہ ثابت ہوا۔

TOPPOPULARRECENT