Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / وجیندر کے پروفیشنل کریئر کا برطانیہ میں فاتحانہ آغاز

وجیندر کے پروفیشنل کریئر کا برطانیہ میں فاتحانہ آغاز

مانچسٹر ، 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اسٹار انڈین باکسر وجیندر سنگھ نے پروفیشنل کریئر کا زبردست آغاز کرتے ہوئے برطانیہ کے سونی وائٹنگ کو آج یہاں مڈل ویٹ کیٹگری میں ناک آؤٹ کردیا۔ انھوں نے اس شخص کو بری طرح شکست دی جس نے انھیں مانچسٹر اَرینا میں جہنم جیسی تکلیف سے گزارنے کا دعویٰ کیا تھا۔ وجیندر نے یہ مقابلہ ٹکنیکل ناک آؤٹ طریقے سے جیتا جبکہ چار راؤنڈ کی مکے بازی کے تیسرے دور میں چند سکنڈ کا وقت باقی تھا۔ انھوں نے وائٹنگ کو عملاً رسوں پر ڈالے رکھا اور انھیں مختلف انداز سے پے درپے مکے رسید کئے، یہاں تک کہ ریفری نے بڑھ کر مقابلہ روک دیا۔ پنجابی گیت کی دھن پر اعتماد کے ساتھ رِنگ سنبھالتے ہوئے 29 سالہ وجیندر شاید ہی کسی مرحلے پر پہلا پیشہ ورانہ مقابلہ لڑنے والے باکسر دکھائی دیئے جیسا کہ وہ بڑی سرعت سے وائٹنگ پر ٹوٹ پڑے۔ درحقیقت ، وائٹنگ کچھ سہمے نظر آئے اور انھیں سمجھ نہیں آیا کہ ہندوستانی حریف کے خلاف کیا کریں۔ پھرتی کے ساتھ قدم چلاتے ہوئے وجیندر نے اپنی وسعت کا 26 سالہ حریف کے خلاف بھرپور استعمال کیا، جسے خود ’پرو سرکٹ‘ میں محض چار مقابلوں کا تجربہ ہے۔ ہریانہ سے تعلق رکھنے والے وجیندر نے اپنے پرو کریئر کی فاتحانہ شروعات کے بعد کہا، ’’میرے تمام پرستاروں کا شکریہ۔ میری اگلی فائٹ 30 اکٹوبر کو ہارو میں ہوگی، اس کا بھی مزہ لیجئے۔ یہ تجربہ میرے لئے نیا ہے مگر میں نے سخت محنت کی۔ میں جیتنا چاہتا ہوں! یہ تو بس شروعات ہے‘‘۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT