Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ورلڈ الیون میں آملہ اورکلارک کی شمولیت کا امکان

ورلڈ الیون میں آملہ اورکلارک کی شمولیت کا امکان

دبئی ۔24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے زیر اہتمام ورلڈ الیون ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چند بڑے کرکٹرز کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کو ابھی تک حکومت پنجاب کی جانب سے سیکیورٹی اجازت نہیں ملی لیکن پی سی بی کو امید ہے کہ جلد حکومت کی جانب سے مقابلوں کے انعقاد کی اجازت مل جائے گی۔ورلڈ الیون کے دورے میں تین ٹوئنٹی20 مقابلے کھیلے جائیں گے جنہیں انٹرنیشنل میچز کا درجہ حاصل ہو گا۔2009 میں سری لنکائی ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے اور پاکستان گھریلو میدانوں میں کرکٹ سے محروم ہو گیا اور اسے اپنی تمام ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنی پڑیں۔اس دوران چھ سال بعد ایک معمولی پیشرفت اس وقت ہوئی جب پاکستان نے زمبابوے کو مختصر سیریز کیلئے دورے پر آمادہ کیا لیکن اس کامیاب دورے کے باوجود بھی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ بحال نہ ہو سکی۔پاکستان سوپر لیگ کا پہلا ایڈیشن بھی بیرون ملک کھیلا گیا لیکن پھر بورڈ نے جرات مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے دوسرے ایڈیشن کا فائنل میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا اور لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے آئی سی سی کی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے ورلڈ الیون کو پاکستان لانے کا اعلان کیا۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق کپتان مائیکل کلارک اور جنوبی افریقی اسٹار ہاشم آملہ ورلڈ الیون کا حصہ بن سکتے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور ہوں گے اور مائیکل کلارک اور آملہ کے علاوہ لیوک رونچی اور ٹم پیس بھی شامل ہوں۔شہریار خان نے کہا کہ میں حکومت سے بات کی ہے اور ان کے حتمی فیصلے کا منتظر ہوں جو مجھے امید ہے کہ جلد مل جائے گا تاکہ ہم دورے کیلئے تمام انتظامات کر سکیں۔

TOPPOPULARRECENT