Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / ورلڈ اکنامک فورم کانفرنس حیدرآباد میں منعقد کرنے کی درخواست

ورلڈ اکنامک فورم کانفرنس حیدرآباد میں منعقد کرنے کی درخواست

چیف منسٹر کے سی آر کی ایکزیکیٹو چیرمین کلاز شواب سے ملاقات،چین میں مصروف ترین پروگرام
حیدرآباد۔/9ستمبر، ( پی ٹی آئی) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ایکزیکیٹو چیرمین ورلڈ اکنامک فورم کلاز شواب سے خواہش کی ہے کہ آئندہ عالمی معاشی فورم کی سالانہ کانفرنس حیدرآباد میں منعقد کریں۔ شواب نے اس تجویز کا اثبات میں جواب دیا۔ ریاستی حکومت کے جاری کردہ صحافتی بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں کی ملاقات تقریباً نصف گھنٹہ جاری رہی جس میں چیف منسٹر نے ورلڈ اکنامک فورم سالانہ کانفرنس حیدرآباد میں منعقد کرنے کی کلاز شواب سے درخواست کی اور انہوں نے مثبت جواب دیا۔ چیف منسٹر نے ریاست تلنگانہ کے مختلف معاشی و سماجی پہلوؤں سے انہیں واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے منگولیہ کے وزیر اعظم، چین کے وزیر آئی ٹی اور روس کے نائب وزیراعظم کے بشمول دیگر کئی قائدین سے بھی ملاقات کی۔ کے سی آر اور شواب نے معاشی ترقی کے سلسلہ میں مختلف تجاویز کا بھی کا بھی باہم تبادلہ کیا۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ میں سنگل ونڈو انڈسٹریل پالیسی اپنائی جارہی ہے۔ انہوں نے اس نئی پالیسی کے خدوخال سے واقف کرایا اور کہا کہ اندرون تین ماہ 52صنعتی کمپنیوں سے تقریباً 12000کروڑ روپئے سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ شواب نے کہا کہ ایک ایسی ریاست کے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں خوشی ہورہی ہے جو ہندوستان میں سماجی اور معاشی اختراع پسندی کیلئے جانی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں نئے چمپینس کی سالانہ میٹنگ میں ہم کے سی آر کی شرکت کے منتظر ہیں۔ ورلڈ اکنامک فورم کا 1971ء میں قیام عمل میں آیا اور آج یہ دنیا کی سرکردہ تنظیم بن چکی ہے جو کئی پبلک۔ پرائیویٹ پارٹنر شپ اور بین الاقوامی اُمور میں اہم رول ادا کررہی ہے۔ آج صبح کے سیشن میں جو شہری ترقی اور چیلنجس کے موضوع پر تھا چیف منسٹر نے حیدرآباد کو ترقی دینے کے ان کے ویژن کی صراحت کی۔ انہوں نے چین کے انتہائی اہم شہروں جیسے گوانگ ژو، یووی وغیرہ کے میئر اور نائب میئر سے اپنے تجربات بیان کئے۔ چیف منسٹر نے شہر کی ترقی میں ان کے تجربہ اور مہارت سے استفادہ کی بھی خواہش ظاہر کی۔

TOPPOPULARRECENT