Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی تجویز

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی تجویز

لاہور ، 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ ہندوستان میں عالمی ٹی ٹوئنٹی میں شرکت حکومتی اجازت کے بعد ہی ممکن ہوگی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی تجویز دی گئی ہے۔ گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا: ’’ہم نے آئی سی سی کو پہلے بھی اور اب بھی کہا ہے کہ (ہندوستان جانے کا) فیصلہ حکومت کو کرنا ہے جو اِس بات پر غور کرے گی کہ وہاں پاکستان سے متعلق کوئی خطرہ موجود ہے یا نہیں۔ شہریار خان نے بتایا کہ یہ تجویز آئی سی سی کو گزشتہ ہفتے کے آئی سی سی بورڈ اجلاس کے دوران دی گئی۔ اس موقع پر شہریار خان نے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم شامل کرنے کا اعلان بھی کیا۔ پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ اس بار پی ایس ایل میں 5 ٹیمیں ہیں لیکن آئندہ 6 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ تاہم انہوں نے اس ٹیم کے نام کا اعلان نہیں کیا۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے رومان رئیس،

 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز اور پشاور زلمی کے محمد اصغر جیسے اچھے کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔ آل راؤنڈر نواز کی اب تک کھیلے گئے پی ایس ایل میچز میں کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے اور انہوں نے ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ اصغر اور رئیس کی کارکردگی بھی شاندار رہی۔ اصغر کو زمبابوے کے سابق کپتان اور انگلینڈ کے سابق کوچ اینڈی فلاور نے مستقبل کا کھلاڑی قرار دیا۔ اصغر اپنی ٹیم کی اب تک دو فتوحات میں آٹھ اوورز میں 31 رنز دے کر پانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔ شہریار خان نے ٹورنمنٹ کے انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال پی ایس ایل اخراجات پورے کرے گی جبکہ آئندہ سال اس کا بھرپور فائدہ ہوگا۔ پی سی بی چیئرمین کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے سے فائدہ ہوگا۔ پی ایس ایل میں 69 مقامی اور کرس گیل، ڈارن سامی، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن سمیت 29 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ 4 فروری سے جاری پاکستان سوپر لیگ کا انعقاد یو اے ای کے میدانوں پر ہو رہا ہے جو 2009ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے بعد سے پاکستان کا عارضی ہوم گراؤنڈ ہے۔ پی سی بی کے حکام نے پانچ فرنچائز ٹیموں کو 93ملین ڈالر میں دس سال کیلئے فروخت کیا ہے جہاں ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ایک ملین ڈالر کی رقم دی جائے گی۔ ٹورنمنٹ کی افتتاحی تقریب کے دوران پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ سال کے ایڈیشن میں پی ایس ایل کے دو یا تین میچز کا انعقاد پاکستان میں کروایا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT