Tuesday , September 19 2017
Home / ہندوستان / ورلڈ کلچرل فیسٹیول کو روکنے کیلئے درخواست مسترد

ورلڈ کلچرل فیسٹیول کو روکنے کیلئے درخواست مسترد

کیا آپ تشہیر چاہتے ہیں؟ سپریم کورٹ کا ریمارک
نئی دہلی ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج ایک درخواست کو قبول کرنے سے انکار کردیا جس میں سری سری روی شنکر کے آرٹ آف لیونگ فاونڈیشن کے زیراہتمام دریائے جمناکے کنارے سہ روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کو روکنے کی ہدایت دینے کی خواہش کی گئی تھی۔ چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی زیرقیادت بنچ نے درخواست گذار بھارتیہ کسان مزدور سمیتی کو نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) سے رجوع ہونے کی ہدایت دی جبکہ سہ روزہ فیسٹیول کل سے شروع ہونے جارہا ہے۔ بنچ نے کہا کہ اس کی تیاریاں طویل عرصہ سے جاری ہیں۔ آپ اس وقت کیوں عدالت سے رجوع ہورہے ہیں؟ آپ این جی ٹی میں یہ اپیل کیوں پیش نہیں کرتے؟ بنچ نے لمحہ آخر میں اس طرح کی درخواست داخل کرنے کے پس پردہ محرکات کے بارے میں خدشات ظاہر کئے اور کہا ایسا اس لئے کہ آپ تشہیر چاہتے ہیں؟ درخواست گذار نے الزام عائد کیا کہ مجوزہ فیسٹیول کیلئے متعلقہ حکام سے درکار اجازت حاصل نہیں کی گئی۔ این جی ٹی نے کل فیسٹیول پر امتناع عائد کرنے سے معذوری کا اظہار کردیا تھا۔ اس دوران ورلڈ کلچر فیسٹیول (ڈبلیو سی ایف) کیلئے وزارت ثقافت کی جانب سے فنڈس کی فراہمی کے الزامات کے دوران مرکز نے آج کہا کہ اس نے پروگرام کیلئے کوئی مالی مدد نہیں کی ہے لیکن آرٹ اینڈ کلچر کو فروغ دینے والی تنظیموں کو معمول کے مطابق جو گرانٹ دی جاتی ہے اسی کے حصہ کے طور پر آرٹ آف لیونگ فاونڈیشن کو 2.25 کروڑ روپئے دیئے گئے۔ وزیرثقافت مہیش شرما نے کہا کہ تہذیب و ثقافت کو فروغ دینے والی تنظیموں کو جو مالی مدد ان کی وزارت کرتی ہے اس کے حصہ کے طور پر آرٹ آف لیونگ فاونڈیشن کو فنڈ دیئے گئے اور اس ادارہ نے فیسٹیول کے انعقاد کیلئے حکومت سے کبھی رقم کی خواہش نہیں کی۔

TOPPOPULARRECENT