Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ورلڈ کپ کی پاکستانی ٹیم میں احمد شہزاد کی شمولیت

ورلڈ کپ کی پاکستانی ٹیم میں احمد شہزاد کی شمولیت

لاہور۔7 مارچ (سیات ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے  ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ کپ  کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جہاں احمد شہزاد کو خرم منظور کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کی منظوری دے دی ہے۔ ایشیا کپ کیلئے حیران کن طور پر اسکواڈ کا حصہ بننے والے خرم منظور نے پورے ٹورنمنٹ میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تین میچوں میں مجموعی طور پر 11 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ان کی ٹیم میں شمولیت اور بدترین کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد سری لنکا کے خلاف ایونٹ کے آخری میچ کیلئے انہیں قطعی 11  کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ اس مایوس کن کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز نے خرم منظور کی جگہ احمد شہزاد کو ٹیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا اور چیئرمین پی سی بی نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور محمد نواز، انور علی اور محمد سمیع کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ اسکواڈ کا انتخاب کرتے ہوئے سلیکٹرز نے ٹیم انتظامیہ  اور کپتان سے مشاورت کی اور تمام متعلقہ افراد نے اس پر رضامندی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب ہندوستان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، یہ ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ہے اور سلیکٹرز کو یقین ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ورلڈ کپ کیلئے شاہد آفریدی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ وکٹ کیپر سرفراز احمد ان کے نائب ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔ شاہد آفریدی(کپتان)، احمد شہزاد، شعیب ملک، سرفراز احمد، خالد لطیف، محمد حفیظ، عمر اکمل، شرجیل خان، محمد نواز، عماد وسیم، انور علی، محمد عرفان، محمد عامر، محمد سمیع، محمد نواز اور وہاب ریاض۔ اس کے علاوہ 12 رکنی انتظامی عملہ  بھی پاکستانی ٹیم کے ہمراہ ہندوستان جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT