Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ورنگل اور کریم نگر شہروں کو اسمارٹ سٹیز کے تحت ترقی دینے کی ہدایت

ورنگل اور کریم نگر شہروں کو اسمارٹ سٹیز کے تحت ترقی دینے کی ہدایت

سکریٹریٹ میں اسمارٹ سٹیز پر جائزہ اجلاس ، چیف سکریٹری ایس پی سنگھ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چیف سکریٹری ایس پی سنگھ نے اسمارٹ سٹیز کے لیے منتخب ورنگل اور کریم نگر کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے خصوصی منصوبہ بندی کے ذریعہ ان شہروں کو ترقی دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ آج سکریٹریٹ میں چیف سکریٹری کی جانب سے اسمارٹ سٹیز کا جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ جس میں سکریٹری بلدی نظم و نسق نوین متل کلکٹر کریم نگر سرفراز احمد ، کمشنر ورنگل میونسپل کارپوریشن ، شروتی اوہجا ، کمشنر کریم نگر میونسپل کارپوریشن شاشنک کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو بتایا کہ ورنگل اور کریم نگر تیزی سے ترقی کرنے والے شہر ہیں جس کی وجہ سے مرکزی حکومت نے ان دو شہروں کو اسمارٹ سٹیز کی فہرست میں شمار کیا ہے ۔ شہری عوام کے توقعات کے مطابق دونوں شہروں کو ترقی دینے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ ترقیاتی و تعمیری کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے پر زور دیا ۔ اسمارٹ سٹیز کے تحت انجام دیئے جانے والے مختلف تعمیر و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ تیزی سے مکمل ہونے والے کاموں کا ڈی پی آر تیار کرتے ہوئے جلد از جلد کاموں کا آغاز کرنے کا مشورہ دیا ۔ عہدیداروں نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ شہر ورنگل میں 2861 کروڑ روپئے کے مصارف سے ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں ۔ 297 کروڑ روپئے کے کام کے بہت جلد ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ 1249 کروڑ روپئے کے مصارف سے انجام دئیے جانے والے 12 کاموں کی حکمت عملی آخری مراحل میں ہے ۔ دسمبر تک ٹنڈرس طلب کرتے ہوئے 2018 تک 1194 کروڑ روپئے کے 47 کام انجام دئیے جائیں گے ۔ ورنگل اسمارٹ سٹی پراجکٹ میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ ، میوزیکل گارڈنٹس ، پارکنگ ایریا کی ترقی ، بھدرا کالی مندر ، ہزار ستون والی مندر ، پدما کشی مندر کی ترقی ، سرکاری دفاتر میں سولار پاور ، آر ٹی سی بس اسٹانڈ کی ترقی وغیرہ پلان میں شامل ہیں ۔ سڑکوں کی تعمیرات ، ٹریفک سگنلس ، رین واٹر ہارولیسٹنگ وغیرہ کے کام بھی کئے جارہے ہیں ۔ شہر کریم نگر میں 1878 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کی حکمت عملی سے عہدیداروں نے ایس پی سنگھ کو واقف کرایا ۔ پینے کے پانی کی سربراہی ، سیوریج سسٹم ، مانیردیور ڈیولپمنٹ ، سڑکوں کی ترقی و دوسری تفصیلات پر روشنی ڈالی ۔۔

TOPPOPULARRECENT