Tuesday , October 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ورنگل ضمنی انتخابات، کانگریس امیدوار تبدیل

ورنگل ضمنی انتخابات، کانگریس امیدوار تبدیل

سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

حیدرآباد۔/4نومبر، ( سیاست نیوز) ورنگل لوک سبھا کے ضمنی انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی کو بہت بڑا دھکا لگا ہے۔ پارٹی امیدوار راجیا کی قیامگاہ میں پیش آئے آگ لگنے کے  واقعہ میں ان کی بہو اور تین معصوم بچوں کی ہلاکت کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کانگریس ہائی کمان نے لمحہ آخر میں امیدوار کو تبدیل کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر مسٹر سروے ستیہ نارائنا سے پرچہ نامزدگی داخل  کرایا ہے۔ مسٹر راجیا نے اپنے گھر میں پیش آئے واقعہ پر صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی سے معذرت خواہی کرتے ہوئے مقابلہ سے دستبردار ہوجانے کا اعلان کیا۔ یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ ہلاک ہونے والی ان کی بہو نے چار دن قبل کانگریس ہائی کمان کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کی شکایت کرتے ہوئے اپنے خسر راجیا کو ٹکٹ نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔آج پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے اور وہ آج بڑے جلوس کی شکل میں پہنچ کر بحیثیت کانگریس امیدوار وہ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے تھے

تاہم صبح کی اولین ساعتوں میں ان کے گھر میں اچانک آگ لگ جانے سے ان کی بہو اور تین معصوم پوترے آگ کی لپیٹ میں آکر ہلاک ہوگئے۔ واضح رہے کہ راجیا کی بہو اور بیٹے کے درمیان گزشتہ چند سال سے جھگڑا چل رہا تھا اور اس کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج تھی اور اس سلسلہ میں عدالت میں مقدمہ بھی چل رہا تھا۔ راجیا کی بہو کے ارکان خاندان کے علاوہ مقامی افراد اور خواتین نے مسٹر راجیا پر اپنی بہو اور بچوں کو ہلاک کردینے کا الزام عائد کیا ہے جس کے بعد کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کانگریس کے اہم قائدین سے ربط قائم کرتے ہوئے اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا اور فوری دوسرے امیدوار کو تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کانگریس کے قائدین نے مشاورت کے بعد ٹکٹ کے دعویدار سابق مرکزی وزیر مسٹر سروے ستیہ نارائنا کو مقابلہ کرنے کیلئے راضی کرالیا اور پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آج آخری تاریخ ہونے کی وجہ سے انہیں فوری ورنگل پہنچ کر  بحیثیت کانگریس امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی ہدایت دی۔ پارٹی کی ہدایت پر مسٹر سروے ستیہ نارائنا نے ورنگل پہنچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ راجیا کے گھر میں پیش آئے واقعہ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ سے بات کرتے ہوئے پارٹی امیدوار کو تبدیل کردینے کی ہدایت دی۔ ڈگ وجئے سنگھ نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے تبادلہ خیال کے بعد سروے ستیہ نارائنا کو امیدوار بنایا۔ مسٹر راجیا نے اپنے گھر میں پیش آئے واقعہ پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی صدر مسز سونیاگاندھی سے معذرت خواہی کرتے ہوئے مقابلہ سے دستبردار ہوجانے کا اعلان کیا۔

TOPPOPULARRECENT