Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ورنگل ضمنی انتخابات کیلئے کانگریس امیدوار کا آج اعلان متوقع

ورنگل ضمنی انتخابات کیلئے کانگریس امیدوار کا آج اعلان متوقع

گاندھی بھون میں اجلاس ، ڈگ وجئے سنگھ نے اختلافات کو دور کرنے پر زور دیا
حیدرآباد۔ 29 اکتوبر (سیاست نیوز)آل انڈیا کانگریس کے جنرل سیکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے آج گاندھی بھون میں ضلع ورنگل اور گریٹر حیدرآباد کانگریس قائدین کا علیحدہ علیحدہ اجلاس طلب کیا۔ دو یا تین دن میں ورنگل لوک سبھا ضمنی انتخاب کیلئے امیدوار کا فیصلہ کرنے کا اعلان کیا۔ گریٹر حیدرآباد کے کانگریس قائدین پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آپس میں اتحاد پیدا کرنے پر زور دیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ ضلع ورنگل کے کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے امیدواروں کے بارے میں پارٹی قائدین کی رائے حاصل کی گئی ہے۔ امیدوار کے تعلق سے آج کوئی فیصلہ نہیں ہوا تاہم دو یا تین دن میں امیدوار کا اعلان کیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر جی ویویک کے مقابلے کرنے سے انکار کرنے کے بعد سابق مرکزی مملکتی وزیر مسٹر سروے ستیہ نارائنا طاقتور امیدوار بن کر ابھرے ہیں۔ اس کے علاوہ مزید دو قائدین نے ٹکٹ کیلئے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر راجیا نے اپنی خدمات اور تلنگانہ کی جدوجہد کا واسطہ دیتے ہوئے انہیں ہی ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بعدازاں ڈگ وجئے سنگھ نے گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مجوزہ بلدی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT