Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ورنگل میں انتخابی مہم آج ختم ہفتہ کو 7بجے صبح تا 5بجے شام رائے دہی، تیاریاں مکمل

ورنگل میں انتخابی مہم آج ختم ہفتہ کو 7بجے صبح تا 5بجے شام رائے دہی، تیاریاں مکمل

ہر پولنگ بوتھ پر پہلے ووٹر کا خیرمقدم اور گلپوشی کی جائیگی
حیدرآباد۔/18نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے حلقہ لوک سبھا ورنگل کیلئے 21نومبر کو منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے 19نومبر کو 5بجے شام انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آئے گا۔آج شام سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مٹر بنور لعل چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ و آندھرا پردیش نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقہ لوک سبھا کے ضمنی انتخابات کیلئے اوقات رائے دہی صبح 7بجے تا 5بجے شام ہوں گے۔ جبکہ سابق میں اوقات رائے دہی صبح 8 بجے تا 6بجے شام رکھے گئے تھے۔ مسٹر بنور لعل نے بتایا کہ مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر اس مرتبہ حلقہ لوک سبھا ورنگل کے 1778 مراکز رائے دہی پر پہلی مرتبہ سب سے پہلے ووٹ ڈالنے کیلئے آنے والے ووٹر کا پولنگ ڈیوٹی پر متعین عہدیداروں کی جانب سے خیر مقدم کیا جائے گا بلکہ پہلے ووٹر کی گلپوشی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ایک پولنگ بوتھ پر رائے دہندوں کیلئے تمام تر بنیادی سہولتیں بشمول شامیانہ کی تنصیب، پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹائیلٹس وغیرہ کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے علاوہ پولیس کمشنر ورنگل کے ساتھ آج انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں بتایا گیا کہ گھر گھر پہونچ کر تمام حلقہ جات اسمبلی ( حلقہ لوک سبھا ورنگل ) میں ووٹر سلپ معہ تصویر تقسیم عمل میں آئی۔ اس کے علاوہ پولنگ کے دن 626 پولنگ بوتھس میں ویب کاسٹنگ کی جائے گی اور مابقی دیگر مراکز رائے دہی پر ویڈیو گرافی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی کے حامل قائدین کو عام طور پر گھومنے پھرنے سے منع کردیا جائیگا اور وہ تمام  اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کیلئے ہی رائے دہی کے دن باہر نکل کر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آنے کے بعد کوئی بھی پارٹیاں ہو یا کوئی بھی افراد ہوں ووٹ ڈالنے سے متعلق کسی کو بھی ایس ایم ایس پیام بھی نہیں دے سکیں گے۔ اگر کوئی پیام روانہ کریں تو ان کا پتہ چلا کر ان کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق کوئی بھی اطلاع ٹول فری نمبر 180002522742 پر دے سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں کوئی بھی ایس ایم ایس کے ذریعہ فون نمبر 8790499899 پر پیام روانہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں موصولہ تمام شکایتوں سے متعلق رپورٹ مرکزی الیکشن کمیشن کو روانہ کردی گئی ہے۔ مسٹر بنور لعل نے بتایا کہ 24نومبر کو ووٹوں کی گنتی عمل میں آئے گی۔

TOPPOPULARRECENT