Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ورنگل ‘ کھمم و اچم پیٹ میں رائے دہی پر امن

ورنگل ‘ کھمم و اچم پیٹ میں رائے دہی پر امن

حیدرآباد 6 مارچ ( این ایس ایس ) گریٹر ورنگل کارپوریشن ‘ کھمم میونسپلٹی اور اچم پیٹ میونسپلٹی کیلئے انتخابات کا آج پر امن انعقاد عمل میں آیا ۔ یہاں رائے دہندوں نے جوش و خروش کے ساتھ شدید دھوپ میں طویل قطاروں میں ٹہر کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ اچم پیٹ میونسپلٹی میں سب سے زیادہ رائے دہی ہوئی ۔ یہاں 72 فیصد رائے دہندوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا جبکہ ورنگل میں 56 فیصد رائے دہندوں نے ووٹ ڈالا ۔ یہ آج سب سے کم پولنگ رہی ۔ کھمم میں 67 فیصد رائے دہی ہوئی ۔ کہا گیا ہے کہ شام پانچ بجے تک بھی بعض مقامات پر پولنگ بوتھس پر رائے دہندوں کی طویل قطاریں تھیں اور انہیں ووٹ ڈالنے کا موقع دیا گیا ۔ آج تمام ہی مقامات پر رائے دہی تقریبا پر امن رہی ہے اور کہیں بھی کسی طرح کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ ورنگل میں ایک دو مقامات پر بعض امیدواروں کے حامیوں اور رشتہ داروں کے مابین معمولی کشیدگی کی اطلاعات ملی ہیں لیکن بعد میں حالات معمول پر آگئے ۔ ورنگل ‘ کھمم اور اچم پیٹ میں صبح کے ابتدائی اوقات میں رائے دہی قدرے سست رفتار رہی تھی تاہم بعد میں اس میں تیزی پیدا ہوگئی اور رائے دہندے پولنگ بوتھس پہونچنے لگے ۔ ورنگل ‘ کھمم اور اچم پیٹ میں آج ہوئے بلدی انتخابات کے نتائج کا 9 مارچ کو اعلان کیا جائیگا ۔ ورنگل اور کھمم کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے علاوہ صدر نشین و نائب صدر نشین اچم پیٹ میونسپلٹی کا انتخاب 15 مارچ کو عمل میں آئیگا ۔ ورنگل میں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹرکڈیم سری ہری نے اپنے افراد خاندان کے ساتھ بینک کالونی کے ایک بوتھ پر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا جبکہ ریاستی وزیر عمارات و شوارع نے کھمم میں گولا گڈیم میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ ارکان اسمبلی سی ایچ دھرما ریڈی اور ونئے بھاسکر نے بھی ورنگل میں اپنے افراد خاندان کے ساتھ اپنے اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔

TOPPOPULARRECENT