Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / وزارت خارجہ سے اُمور حج کی منتقلی پر سی پی ایم کا اعتراض

وزارت خارجہ سے اُمور حج کی منتقلی پر سی پی ایم کا اعتراض

نئی دہلی،25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں سی پی ایم کے ڈپٹی لیڈر محمد سلیم نے وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا ہے کہ حج کے محکمہ کو ایک دم وزارت خارجہ سے اقلیتی امور کی وزارت منتقل کرنے کے عاجلانہ فیصلے پر غور کیا جائے ۔ انہوں نے وزیر اعظم کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ سفر حج سے متعلق بیشتر ذمہ داریاں دوران حج جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل کے ذریعے انجام دی جاتی ہیں اورسعودی حکومت اور وہاں کی پرائیویٹ ایجنسیوں سے معاملات میں بھی وزارت خارجہ کے افسران سرگرم شرکت کرتے ہیں۔مارکسی رہنما نے کہا کہ ایسے میں حج کانفرنس میں اس معاملے پر بحث کے بغیر بعجلت حج محکمہ کو ایک وزارت سے دوسری وزارت میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس پر غور کرنا چاہیے اور ایسے کسی بھی فیصلے سے پہلے تمام متعلقین سے رجوع کیا جانا چاہیے ۔مسٹر سلیم نے سنٹرل حج کمیٹی آف انڈیا سے سابق رکن حافظ محمد نوشاد اعظمی کے ایک خط کی نقل وزیر اعظم کو فراہم کی جس میں محکمہ حج کو وزارت خارجہ سے اقلیتی امور کی وزارت میں منتقل کرنے کے فیصلے پر غور کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔
راجیہ سبھا کا مانسون سیشن موقوف
نئی دہلی ۔ 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ نے راجیہ سبھا کے مانسون سیشن کو آج موقوف کردیا ۔ ایوان بالا کو 12 اگست کو غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کیا گیا تھا۔ راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے بیان میں کہا گیا کہ صدرجمہوریہ نے آج ایوان بالا کو موقوف کردیا۔

TOPPOPULARRECENT