Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / وزراء اور ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کا شہیدان تلنگانہ کو خراج

وزراء اور ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کا شہیدان تلنگانہ کو خراج

اسمبلی بجٹ اجلاس میں شرکت سے قبل گن پارک پر آمد ۔ جئے تلنگانہ کے نعرے، این نرسمہا ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔/10مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس کے عوامی نمائندوں نے شہیدان تلنگانہ کی یادگار پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اسمبلی کے روبرو واقع شہیدان تلنگانہ کی یادگار پہنچنے والے وزراء میں ڈپٹی چیف منسٹرس کڈیم سری ہری، محمد محمود علی، این نرسمہا ریڈی، پوچارم سرینواس ریڈی، ہریش راؤ، سرینواس یادو، پدما راؤ کے علاوہ کئی اراکین اسمبلی و کونسل شامل تھے۔ انہوں نے شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یادگار پر پھول رکھے۔ اس موقع پر ’ جئے تلنگانہ ‘ کے نعرے لگائے گئے۔ وزراء اور ٹی آر ایس کے عوامی نمائندے پارٹی کا گلابی کھنڈوا پہنے ہوئے تھے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام کیلئے وقف ہے اور عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ 20ماہ کے دوران جن ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کا آغاز کیا اس سے عوام کافی خوش ہیں جس کا اظہار گریٹر حیدرآباد اور پھر ورنگل، کھمم اور اچم پیٹ بلدیات کے نتائج سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مہاراشٹرا حکومت سے گوداوری کے پانی کے استعمال کے مسئلہ پر جو معاہدہ کیا ہے اس سے آنے والے دو تین برسوں میں تلنگانہ سرسبز و شاداب ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 33000 کروڑ کے خرچ سے فلاحی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کا آئندہ بجٹ تاریخی رہے گا۔ انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ان پر عمل کیا جارہا ہے اور تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی بھلائی صرف کے سی آر کے اقتدار میں ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر عوام حکومت کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کررہے ہیں۔ وزیر داخلہ کے مطابق 2019 میں ٹی آر ایس شاندار اکثریت کے ساتھ دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔

TOPPOPULARRECENT