Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / وزراء سکریٹریٹ میں ملاقاتیوں سے پریشان

وزراء سکریٹریٹ میں ملاقاتیوں سے پریشان

سرکاری کام کاج میں خلل، غیر ضروری افراد کا داخلہ روکنے اقدامات
حیدرآباد 14 فروری (سیاست نیوز) سکریٹریٹ میں وزراء ملاقاتیوں کے ہجوم سے پریشان ہیں اور عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ آئندہ ہفتہ سے اوقات ملاقات مقرر کئے جائیں۔ وزراء خاص کر سیاسی پارٹیوں کے قائدین اور کارکنوں سے پریشان ہیں جو صبح سے ہی سکریٹریٹ پر امنڈ آرہے ہیں۔ بعض وزراء تو شہر کے دوسرے مقامات پر اپنے محکمہ جات کے دفاتر میں بیٹھ کر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں کیوں کہ سکریٹریٹ میں کام کم ہورہا ہے، ملاقاتیں زیادہ کرنی پڑرہی ہیں۔ کابینہ کے حالیہ اجلاس میں بھی یہ مسئلہ زیربحث آیا تھا۔ وزراء کو صبح کے اوقات میں اپنے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کرنی ہوتی ہے۔ عین اس وقت ملاقاتیوں کا تانتا بندھا رہنے سے سرکاری کام کاج میں خلل ہورہا ہے۔ وزراء یہ دیکھ کر حیران ہیں کہ ان کے سکریٹریٹ پہونچنے سے پہلے ان کے چیمبرس پر ملاقاتی ان کے منتظر ہیں۔ اس طرح وہ اپنا مقررہ کام کاج نہیں کرپارہے ہیں۔ وزراء نے سکیوریٹی اسٹاف کو ہدایت دی ہے کہ وہ صبح کے اوقات میں ملاقاتیوں کو اندر آنے کی اجازت نہ دیں۔ محکمہ نظم و نسق عامہ جو سکریٹریٹ کے کام کاج کا ذمہ دار ہے، امکان ہے کہ سکیوریٹی عملہ کو ہدایت جاری کرے گا کہ ملاقاتیوں کے داخلہ کو باقاعدہ بنائے۔ پاس جاری کرنے کے سسٹم کو باقاعدہ بنایا جائے گا تاکہ غیر ضروری افراد کا داخلہ روکا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT