Monday , June 26 2017
Home / سیاسیات / وزیراعظم اپنی تشہیر ترک کریں، کسانوں پر توجہ دیں :کانگریس

وزیراعظم اپنی تشہیر ترک کریں، کسانوں پر توجہ دیں :کانگریس

نئی دہلی، 15جون (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس نے آج کسانوں کے تئیں مرکزی حکومت پر ’’ بے حسی اور بے رحمی ‘‘ کا الزام لگاتے ہوئے زور دے کر کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو چاہئے کہ وہ دیہی اور زرعی شعبوں کو درپیش اس ’’سنگین بحران‘‘ پر اپنی خاموشی توڑیں ۔کانگریس کے ترجمان اور سابق مرکزی وزیر آنند شرما نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ وزیراعظم سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی تشہیری مہم سے فرصت نکال کر حکمرانی کے شدید تقاضوں سے رجوع کریں ۔ کسانوں کے لئے فصلی قرض کی شرح پر چھوٹ کے اعلان کا ذکر کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ اس طرح زخم پر نمک چھڑکا جارہا ہے حالانکہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے کیونکہ کسان خودکشی کررہے ہیں ۔ اس مسئلے کو قرض کے محاذ پر صرف رعایت دے کر حل نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی رعایتیں ماضی میں بھی دی گئی ہیں لیکن اب وقت آگیا ہے کہ وزیراعظم اس محاذ پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ۔ شرما نے کہا کہ وزیراعظم نے ابھی تک کسانوں سے بات نہیں کی۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے بات ضرور کی ہے لیکن ان کا یہ کہنا کہ ریاستیں کسانوں کے مسئلے کو حل کرسکتی ہیں، بظاہر ذمہ داری سے دست برداری کا اظہار ہے ۔ کانگریسی لیڈر نے کہا کہ دیہی اور زرعی شعبوں کو بحران کا سامنا ہے اور مرکز حسب توقع اس بحران پر قابو پانے کے اقدامات نہیں کررہا ہے جو اس کی بے حسی کا مظہر اور لائق مذمت ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT