Wednesday , September 27 2017
Home / Top Stories / وزیراعظم جاپان کیساتھ مودی کا احمدآباد میں روڈ شو

وزیراعظم جاپان کیساتھ مودی کا احمدآباد میں روڈ شو

احمدآباد تا ممبئی بلٹ ٹرین پراجکٹ کا آج سنگ بنیاد، 2022ء میں تکمیل، دو گھنٹوں میں 500 کیلو میٹر کا سفر متوقع

احمدآباد ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے وزیراعظم شینزوابے اپنے انتہائی مصروف ترین دو روزہ دورہ ہند پر آج دوپہر یہاں پہنچے۔ اس موقع پر وہ احمدآباد اور ممبئی کے درمیان ہندوستان کے پہلے بلٹ ٹرین پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم ابے اپنی شریک حیات ایکی کے ساتھ پہنچے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ایرپورٹ پر روایتی انداز میں بغلگیر ہوتے ہوئے اپنے جاپانی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا جس کے کے فوری بعد خیرمقدمی تقریب منعقد ہوئی۔ بعدازاں شینزوابے اور ان کی شریک حیات نے وزیراعظم مودی کے ساتھ امن کے پیامبر مہاتما گاندھی کے تاریخی سابرمتی آشرم روانگی کیلئے ایک کھلی جیپ میں سوار ہوکر 8 کیلو میٹر طویل روڈ شو کا آغاز کیا۔ ابے ایرپورٹ پر آمد کے وقت روایتی سوٹ میں ملبوس تھے۔ بعدازاں وہ (شنزوابے) سفید کرتا پائجامہ اور آسمانی نہرو جیکٹ زیب تن کئے اپنی شریک حیات کے ساتھ اس سفر کا آغاز کیا۔ ان کی شریک حیات سفید اوڑھنی کے ساتھ سرخ شلوار قمیص میں ملبوس تھیں۔ سڑکوں کی دونوں جانب عوام کی کثیر تعداد نے ان کا استقبال کیا اور دونوں قائدین نے جگہ جگہ ہاتھ لہرا کر جواب دیا۔ راستہ میں جابجا فنکاروں کی کثیر تعداد روایتی رقص میں مصروف تھی۔ وزیراعظم مودی کو دورہ کنندہ مہمانوں کو روایتی چرخے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ مودی نے یہاں کسی بیرونی ملک کے سربراہ حکومت کے ساتھ روڈ شو کیا جس سے شینزوابے کے ساتھ ان کے قریبی روابط کی جھلک ملتی ہے۔ آٹھ کیلو میٹر طویل راستہ پر جلوس آگے بڑھ رہا تھا اور سڑکوں کی دونوں جانب عوام کا پرجوش ہجوم ہند اور جاپان کے پرچم لہرا رہاتھا۔ نریندر مودی اور شینزوابے کل احمدآباد اور ممبئی کے درمیان انتہائی تیز رفتار ٹرین کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس پراجکٹ کی 2022ء تک تکمیل متوقع ہے جس کے بعد ہندوستان کی یہ پہلی ٹرین صرف دو گھنٹے میں 500 کیلو میٹر کا سفر پورا کرے گی۔ دونوں قائدین 12 ویں ہند ۔ جاپان سالانہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ گاندھی نگر میں ہونے والی اس کانفرنس کے بعد سمجھوتوں کا تبادلہ ہوگا اور ہند ۔ جاپان کھلا تجارتی اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ جاپانی وزیراعظم کے اس دورہ کے موقع پر گجرات میں سرمایہ کاری کے 15 سمجھوتوں پر دستخطیں ہوں گی۔ مودی نے ستمبر2014 ء کے دوران اپنی آبائی ریاست گجرات میں چینی صدر ژی جن پنگ اور ان کی شریک حیات کی میزبانی بھی کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT