Tuesday , August 22 2017
Home / سیاسیات / وزیراعظم مودی ’’بزدل اور نفسیاتی مریض‘‘ ، کجریوال

وزیراعظم مودی ’’بزدل اور نفسیاتی مریض‘‘ ، کجریوال

نئی دہلی 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی سکریٹریٹ پر سی بی آئی دھاوے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر اروند کجریوال نے وزیراعظم نریندر مودی کو ’’بزدل اور نفسیاتی مریض‘‘ قرار دیا۔ اس طرح عام آدمی پارٹی اور مرکز کے درمیان کشیدگی میں شدت پیدا ہوگئی۔  پارلیمنٹ میں بھی کافی ہنگامہ آرائی ہوئی اور مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے راجیہ سبھا میں وضاحت پیش کی لیکن احتجاج کے باعث اجلاس چند مرتبہ ملتوی کیا گیا۔ کجریوال نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیاکہ سی بی آئی نے اُن کے دفتر پر دھاوا کیا ہے۔ اُنھوں نے تحریر کیاکہ جب مودی مجھ سے سیاسی سطح پر نمٹ نہ سکے تو اُنھوں نے بزدلی کی کارروائیوں کا سہارا لیا۔ مودی نہ صرف بزدل بلکہ نفسیاتی مریض بھی ہیں۔ اپنے ایک اور ٹوئٹ میں اُنھوں نے دھاوؤں پر تشویش ظاہر کی۔راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہاکہ کجریوال کے دفتر پر دھاوا نہیں کیا گیا۔ دھاوا ایک مبینہ کرپشن کے معاملہ کے سلسلہ میں تھا جس میں حکومت دہلی کا ایک عہدیدار ملوث ہے۔ سی بی آئی کے دھاوے سے کجریوال یا اُن کی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے کیوں کہ دھوکہ دہی کا یہ مقدمہ عہدیدار کے خلاف ماضی سے تعلق رکھتا ہے۔ اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کجریوال نے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ وزیر فینانس نے ایوان پارلیمنٹ میں جھوٹا بیان دیا ہے۔ خود اُن کے دفتر کی فائیلوں کا جائزہ لیا گیا تھا تاکہ اُن کے خلاف ثبوت حاصل کیا جاسکے۔ اُنھوں نے تحریر کیاکہ راجندر تو ایک بہانہ ہے۔

بی جے پی نے بھی جوابی وار کرتے ہوئے مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہاکہ سی بی آئی عہدیدار کے خلاف کرپشن کی ایک شکایت کی تحقیقات کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ اس کا کجریوال کے دفتر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔  دہلی حکومت اور عام آدمی پارٹی نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آج کا دن سیاہ ترین دن ہے اور  جمہوریہ ہندوستان کی تاریخ میں غیرمعلنہ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ بی جے پی نے کجریوال کے لب ولہجہ کی مذمت کی جو اُنھوں نے مودی پر تنقید کے دوران استعمال کی ہے اور کہاکہ یہ قطعی ناقابل قبول ہے۔ کیا وہ بدعنوان عہدیداروں کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں۔ جاوڈیکر نے سوال کیاکہ بدعنوان افسروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے وہ وزیراعظم پر الزام عائد کررہے ہیں جو قطعی ناقابل قبول ہے۔

TOPPOPULARRECENT