Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / وزیراعظم مودی نفرت پھیلانے والوں کو قابو میں رکھیں

وزیراعظم مودی نفرت پھیلانے والوں کو قابو میں رکھیں

عامر خان کی اپیل، ہنوز ملک کا برانڈ ایمبسیڈر ہونے کا دعویٰ ، رجت شرما کے پروگرام میں شرکت
نئی دہلی ، 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عدم روادری سے متعلق اپنے ریمارکس کے چند یوم بعد بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے آج کہا کہ ہندوستان ’’نہایت روادار‘‘ ملک ہے لیکن ایسے لوگ ہیں جو نفرت پھیلاتے ہیں اور وزیراعظم نریندر مودی سے ان کو قابو میں رکھنے کی اپیل کی۔ اداکار موصوف کا یہ بھی ماننا ہے کہ وہ ہنوز ملک کے برانڈ ایمبسیڈر ہیں، بھلے ہی حکومت نے اُن کی خدمات منقطع کردی ہیں، اور کہا کہ ہندوستان اُن کا مادرِ وطن ہے، نہ کہ کوئی برانڈ۔ وہ انڈیا ٹی وی پر رجت شرما کے شو ’’آپ کی عدالت‘‘ میں مخاطب تھے اور اس چیانل کے جاری کردہ صحافتی بیان کے مطابق عامر نے کہا: ’’ہمارا ملک نہایت روادار ہے، لیکن ایسے لوگ ہیں جو بدگمانی پھیلاتے ہیں … وہ لوگ اس زبردست ملک کو توڑنے کی باتیں کرتے ہیں، اس طرح کے لوگ تمام مذاہب میں موجود ہیں، صرف مودی جی انھیں روک سکتے ہیں۔ آخر وہ ہمارے پی ایم جو ہیں، ہمیں اُن ہی سے کہنا پڑے گا۔

‘‘ عامر نے کہا کہ سلامتی کا احساس انصاف کے سسٹم سے حاصل ہوتا ہے، جسے عاجلانہ انصاف کو یقینی بنانا چاہئے، نیز منتخب نمائندوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، جن کو جب کبھی کچھ غلط ہو، اپنی آواز بلند کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ آخرکار قانون تو سب کیلئے یکساں ہے، اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ بدبختی سے بعض لوگ ہیں جو منفی باتیں اور نفرت پھیلاتے ہیں۔ ’’اگر میں غلط نہیں کہہ رہا ہوں تو ہمارے وزیراعظم نے بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ اُن کا نعرہ ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ ہے۔‘‘ عامر نے جو اپنے ریمارکس کے ذریعے شہ سرخیوں میں آئے کہ اُن کی اہلیہ کو بڑھتی عدم رواداری پر ہندوستان چھوڑ دینے کا خیال آرہا ہے، میگا اسٹار امیتابھ بچن کے اس ریمارک پر بھی کہ انھوں نے اپنے بیان کے ذریعے ہندوستان کی شناخت کو نقصان پہنچایا، جواب میں کہا کہ بڑھتی عدم رواداری کے سبب عدم سلامتی کا احساس پایا جاتا ہے۔ ’’میں نے میرے انٹرویو میں کہا تھا کہ حس دباؤ، حس دل شکستگی، اور عدم سلامتی کا احساس پایا جاتا ہے اور عدم رواداری بڑھ رہی ہے۔ لیکن یہ دو مختلف باتیں ہیں۔ میری غلط ترجمانی کی گئی۔ میں نے کبھی نہیں کہا کہ ہندوستان عدم روادار ملک ہے۔‘‘

TOPPOPULARRECENT