Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / وزیراعظم مودی ’’پھیکو‘‘ صرف سوٹ بوٹ تک محدود: راہول

وزیراعظم مودی ’’پھیکو‘‘ صرف سوٹ بوٹ تک محدود: راہول

رام نگر، 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو ’’پھیکو‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم صرف سوٹ بوٹ کے لوگوں سے ہاتھ ملاتے ہیں۔ مودی حکومت کو ’’سوٹ بوٹ کی سرکار‘‘ کہا جائے تو برا نہیں ہوگا۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ اگر این ڈی اے کو اقتدار دیا گیا تو بہار میں عوام اپنی زمین اور روزگار سے محروم ہوں گے۔ مغربی چمپارن علاقہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جہاں مہاتما گاندھی نے برطانوی حکمرانوں کی جانب سے انڈیگو فارمنگ فورس سے کسانوں کو آزاد کرانے کیلئے جدوجہد کا آغاز کیا تھا، کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ وزیراعظم مودی، مہاتما گاندھی کے نظریات کے مخالف ہیں جبکہ مہاتما گاندھی نے اپنا سوٹ ترک کرتے ہوئے غریب کسانوں کی قیادت کی خاطر دھوتی زیب تن کرنا شروع کیا تھا۔ مودی نے اس دعویٰ کے ساتھ اپنی حکومت کا آغاز کیا تھا کہ وہ ایک چائے والے ہیں اور وزیراعظم بن جانے کے بعد وہ 15 لاکھ روپئے کا سوٹ زیب تن کرنے لگے۔

 

راہول نے کہا کہ مودی نے بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کو ’’امیروں کے کلب‘‘ میں تبدیل کردیا ہے۔ دوسری جانب گاندھی جی ہیں جنہوں نے غریبوں اور مزدوروں کیلئے کام کیا تھا۔ انہوں نے اپنا سوٹ ترک کیا اور دیگر آرام کی چیزیں چھوڑ دی تھیں۔ یہاں تو مودی جی نے حد کردی ہے، وہ صرف ان لوگوں سے ملاقات کرتے ہیں جو سوٹ بوٹ میں رہتے ہیں۔ وہ غریبوں اور پسماندہ طبقات اور کمزوروں سے ملاقات نہیں کرتے۔ راہول گاندھی نے حاضرین کی جانب سے ’’نہیں نہیں‘‘ کے نعرے کے درمیان سوال کیا کہ وہ کہتے ہیں کہ ’’میں اور میرے دوست سوٹ بوٹ پہنتے ہیں اور ہندوستان کو بدل دیں گے۔ ہر سال دو کروڑ نئی ملازمتیں دیں گے۔ کسانوں کے لئے ان کی پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت دینے میں اضافہ کریں گے اور ہر ایک اکاؤنٹ ہولڈر کے کھاتے میں 15 لاکھ روپئے جمع کرائیں گے اور کالا دھن واپس لائیں گے‘‘۔ مجھے بتایئے کہ آیا ان میں سے کوئی بھی کام کو پورا کیا گیا ہے۔ عوام نے جواب میں ’’نہیں نہیں‘‘ کہا۔ کانگریس کی جانب سے دارالحکومت دہلی میں میگا کسان سمان ریالی نکالنے سے ایک دن قبل راہول گاندھی نے عوام کو خبردار کیا کہ اگر آپ نے مودی جی اور ان کے دوستوں کو جو سوٹ بوٹ پہنتے ہیں، ووٹ دیا تو آپ اپنی زمین سے محروم ہوجائیں گے۔ وہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ آپ ہم کو زمین دیجئے اور وہ آپ کو ترقی دیں گے۔ بہار کے ہر نوجوان کو روزگار دیں گے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مودی اور ان کے دوست آپ کی زمین لے جائیں گے اور کوئی ترقی نہیں دیں گے۔ بہار میں ہم نے یہ اتحاد صرف غریب ، کمزور اور پچھڑے لوگوں کے تحفظ کیلئے کیا ہے۔ ’’ہم آپ کو مودی اور ان کے دوستوں سے بچانا چاہتے ہیں۔ ‘‘

 

راہول کا طیارہ دہلی میں ایر ٹریفک ہجوم کے سبب جئے پور کو موڑ دیا گیا
جئے پور ، 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کا چارٹرڈ طیارہ نئی دہلی میں ایر ٹریفک بڑھنے کے سبب آج رات یہاں سنگنیر ایرپورٹ کو موڑ دیا گیا۔ راہول بہار میں پارٹی ریلی سے خطاب کے بعد پٹنہ سے دہلی کے راستے پر تھے کہ طیارہ کا رخ موڑنا پڑا۔ سنگنیر ایرپورٹ سے تقریباً نصف گھنٹہ کے بعد طیارہ نے واپس اُڑان بھری۔
ریالی میں ایرگن کیساتھ شخص گرفتار
قبل ازیں بہار پولیس نے آج ایک نوجوان کو گرفتار کیا جو راہول گاندھی کے جلسہ میں ایرگن کے ساتھ گھوم رہا تھا۔ ضلع مغربی چمپارن کے رام نگر علاقہ میں راہول کی جلسہ عام سے خطاب کیلئے آمد سے قبل یہ گرفتاری ہوئی۔ بگھا پولیس ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس آنند کمار سنگھ نے کہا کہ تب راہول ابھی جلسہ گاہ نہیں پہنچے تھے۔

TOPPOPULARRECENT