Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / وزیراعظم مودی کا 25 نومبر کو دورہ حیدرآباد

وزیراعظم مودی کا 25 نومبر کو دورہ حیدرآباد

نیشنل پولیس اکیڈیمی میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کانفرنس کا افتتاح
حیدرآباد۔/15نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی 25نومبر کو حیدرآباد کا دورہ کریں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم حیدرآباد کی نیشنل پولیس اکیڈیمی میں ملک بھر کے ڈائرکٹر جنرل پولیس کی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ اس کانفرنس میں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور مرکزی وزراء شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم کے اس دورہ کے پیش نظر سیکوریٹی کے انتظامات کا ابھی سے آغاز کردیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کے علاوہ ایس پی جی اور این ایس جی کی ٹیموں نے نیشنل پولیس اکیڈیمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ حیدرآباد میں 25 تا27 نومبر ملک بھر کے تمام ڈائرکٹر جنرل پولیس کی کانفرنس منعقد ہوگی۔ ان تین دنوں میں تمام ریاستوں کے ڈائرکٹر جنرل پولیس اور دیگر پولیس شعبہ جات کے اعلیٰ عہدیدار، انٹلیجنس کے عہدیداروں کے بشمول 92 عہدیداروں کی شرکت متوقع ہے۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایر پورٹ سے نیشنل پولیس اکیڈیمی تک سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ بم اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ، عصری ٹکنالوجی کے ساتھ انسداد بم کی ٹیمیں متحرک ہوچکی ہیں۔ حیدرآباد کے دورہ کے انتظامات کے سلسلہ میں نیشنل سیکوریٹی گارڈ ( این ایس جی ) نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس اور پولیس کمشنر حیدرآباد سے بھی سیکوریٹی عہدیداروں نے اجلاس منعقد کیا۔ اسی دوران ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما نے انٹلیجنس اور دیگر شعبہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ وزیر اعظم کی آمد سے 27 نومبر تک ایر پورٹ پر سخت چوکسی برقرار رہے گی۔

TOPPOPULARRECENT