Thursday , August 24 2017
Home / Top Stories / وزیراعظم مودی کے دورہ تلنگانہ کا پروگرام

وزیراعظم مودی کے دورہ تلنگانہ کا پروگرام

گجویل میں مشن بھاگیرتا کا افتتاح، مختلف پراجکٹس کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے
حیدرآباد ۔ 6 اگست (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو ریاست تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے اس دورہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے مرکزی مملکتی وزیر لیبر و روزگار بنڈارودتاتریہ نے بتایا کہ وزیراعظم گجویل، ضلع میدک میں پائپ لائن کے ذریعہ پینے کے پانی کی سربراہی اسکیم کا افتتاح کریں گے۔ وہ ریاست میں مختلف پراجکٹس کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے اور گجویل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ نریندر مودی یہاں ایل بی اسٹیڈیم میں بی جے پی ورکرس کے جلسہ سے مخاطب کریں گے۔ وزیراعظم 2:20 بجے دن بیگم پیٹ ایرپورٹ، حیدرآباد پہنچیں گے جہاں سے وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر گجویل جائیں گے اور حکومت تلنگانہ کے زیراہتمام منعقدہ ہونے والے پروگرام میں شرکت کریں گے۔ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد وزیراعظم پہلی مرتبہ تلنگانہ کا دورہ کررہے ہیں جس میں وہ کومٹی بنڈہ ولیج میں مشن بھاگیرتا کا آغاز کریں گے جوکہ ریاستی حکومت کی ایک فلیگ شپ اسکیم ہے جس کا مقصد ہر گھر کو پائپ لائن کے ذریعہ پینے کا پانی فراہم کرنا ہے۔ وہ گجویل کے اس گاؤں میں رسمی طور پر ایک نل کو کھولیں گے۔ حلقہ اسمبلی گجویل کی نمائندگی چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کرتے ہیں۔ نریندرمودی ریموٹ سے 1,600 میگا واٹ نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن پاور پلانٹ اور ایف سی آئی ایل فرٹیلائزر پلانٹ کا افتتاح کریں گے۔ دونوں پلانٹس راماگنڈم، ضلع کریم نگر میں ہیں۔ وزیراعظم اس دورہ کے دوران ضلع ورنگل میں کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلس سائنسیس کا بھی افتتاح کریں گے اور کتہ پلی۔ منوہرآباد ریلوے لائن کیلئے سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

TOPPOPULARRECENT