Saturday , October 21 2017
Home / ہندوستان / وزیراعظم نے شاستری کے آبائی مکان کا دورہ کیا

وزیراعظم نے شاستری کے آبائی مکان کا دورہ کیا

وارانسی 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں گڈھواگھاٹ آشرم میں گئوسیوا کرنے کے بعد رام نگر میں آنجہانی وزیراعظم لال بہادر شاستری کی آبائی رہائش گاہ جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی سیاسی زندگی پر مبنی تصویر کی نمائش دیکھی اور زمین پر بیٹھ کر بھجن سنا۔ مودی قافلے کے ساتھ انتخابی ’’روڈ شو‘‘ کرتے ہوئے رام نگر کے لال بہادر شاستری چوراہا پہنچے جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ مجسمہ کے مقام پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان تنگ گلیوں سے ہوتے ہوئے تقریبا 500 میٹر پیدل چل کر میوزیم میں تبدیل لال بہادر شاستری کے آبائی رہائش گاہ پہنچے۔ ملک کے دوسرے وزیراعظم آنجہانی شاستری کی رہائش گاہ پر وزیراعظم بننے کے بعد پہلی بار پہنچے مودی نے وہاں ان کی اور بھارت ماتا کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ سابق وزیراعظم کے خاندان کے ارکان نے مودی کو گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ بھارت رتن لال بہادر شاستری کی سیاسی زندگی کے سفر پر مبنی تصاویر کو دیکھنے کے بعد وزیراعظم نے زمین پر بیٹھ کر پوری دلجمعی کے ساتھ بھجن بھی سنا۔ مودی تقریبا 25 منٹ وہاں قیام کے بعد اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے روھنیا کے خوشی پور واقع اپنے آخری انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کیلئے روانہ ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT