Monday , June 26 2017
Home / Top Stories / وزیراعظم پر جھوٹ پھیلانے کا الزام ، عوام پریشان ، مودی آرام سے :ممتا

وزیراعظم پر جھوٹ پھیلانے کا الزام ، عوام پریشان ، مودی آرام سے :ممتا

جھارکھنڈ میں بی جے پی لیڈر کی پٹائی ۔ یو پی میں عوام کا زبردست احتجاج
کولکتہ۔25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہ وہ نوٹوں کی منسوخی کے مسئلہ پر ’جھوٹ پر جھوٹ بولتے جارہے ہیں۔ گویا جھوٹ پھیلاتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ عام آدمی مررہا ہے اور مودی آرام و سکون کے ساتھ جھوٹ پھیلاتے جارہے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اپوزیشن اس معاملہ میں متحد ہے۔ انہوں نے پٹنہ میں نوٹوں کی تنسیخ کے خلاف /30 نومبر کودھرنا دینے کا اعلان کیا ہے ۔ نوٹوں کی تنسیخ کے خلاف آج یو پی اور جھارکھنڈ میں عوام نے زبردست احتجاج کیا ۔ جھارکھنڈ میں ایک بی جے پی قائد کی عوام نے پٹائی کردی اور دھینگا مشتی میں ان کی پینٹ بھی اتر گئی ۔ یو پی میں عوام کی کثیر تعداد نے شدید احتجاج کیا ۔ دریں اثناء حکومت نے اعلان کیا کہ ہر ہفتہ 24 ہزار روپئے بینک صارفین واپس لے سکیں گے ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اپنا ایک بھی انتخابی وعدہ کی تکمیل کرنے سے قاصر رہے ۔ اس لئے عوام کا ان پر سے اعتماد ختم ہوگیا ہے ۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے پارلیمنٹ کی کارروائی ، اپوزیشن کی دخل اندازی کی وجہ سے معطل ہوجانے پر بھوبنیشور میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نوٹوں کی تنسیخ کے اقدام کو کالے دھن کے خاتمہ کیلئے مودی کا موثر اقدام قرار دیا ۔ شہر بھٹنڈامیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے بڑے کرنسی نوٹوں کی تنسیخ کی بھرپور مدافعت کی ۔ جبکہ سی پی آئی ایم نے اس اقدام پر مودی کو تنقید کا نشانہ بنانا جاری رکھا ۔ جنرل سکریٹری سی پی آئی ایم یچوری نے کہا کہ یہ اقدام عوام کیلئے مصائب کا سبب بن گیا ہے ۔ یو پی سے موصولہ اطلاع کے بموجب بڑے کرنسی نوٹوں کی تنسیخ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔

احتجاجیوں نے کثیر تعداد میں برقعہ پوش مسلم خواتین بھی شامل تھیں ۔ پولیس نے احتجاجیوں بشمول خواتین پر بے رحمی سے لاٹھی چارج کیا۔ مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں پر سنگباری کرکے شدید نقصان پہونچایا ۔ مراد آباد میں پیش آنے والے اس واقعہ میں ہزاروں خواتین نے اپنی بینک پاس بکس نذر آتش کردیں ۔کولکتہ سے موصولہ اطلاعات کے بموجب بائیں باز کی پارٹیوں نے 12 گھنٹے کا بند /28 نومبر کو منانے کا اعلان کیا ہے ۔ تاکہ مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے ۔ بی ایس پی نے بھی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کی ۔ گجرات میں کانگریس نے ریل اور بس روکو پروگرام کیا ۔ چیف منسٹر یو پی اکھلیش یادو نے مودی حکومت پر اقدام سے دستبرداری کیلئے دباؤ ڈالا ۔ چیف منسٹر دہلی کجریوال نے کہا کہ اس اقدام سے عام آدمی کی زندگی پٹری سے اتر گئی ۔ بی جے پی ایم پی شتروگھن سنہا نے مودی کے موقف سے اختلاف کرتے ہوئے اپنے ٹوئیٹر پر مخالفانہ تحریر شائع کی ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT