Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / وزیراعظم کا دورہ مدھیہ پردیش ، سخت سیکوریٹی انتظامات

وزیراعظم کا دورہ مدھیہ پردیش ، سخت سیکوریٹی انتظامات

بھوپال ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندرمودی کے دورہ مدھیہ پردیش کے پیش نظر سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں جو کل ضلع سیہور کے پڑوسی گاؤں شہر پور میں پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا سے متعلق رہنمایانہ خطوط جاری کریں گے۔ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے اعلیٰ حکمران کے ساتھ گذشتہ روز شہر پور کا دورہ کیا اور ان کے دورہ کو تاریخی بنانے کی تیاریوں کا شخصی طور پر جائزہ لیا۔ مودی کے اس دورہ کو اس لئے بھی نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے کہ بی جے پی نے گذشتہ روز میہار کے ضمنی انتخابات میں 28000 سے دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک تاریخ بنائی ہے۔ چیف منسٹر چوہان، اپنی ریاست کے کسانوں کی طرف سے کل مودی کو پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے آغاز پر ’کسان مترا‘ اعزاز عطا کریں گے۔ مودی اس موقع پر کسانوں کو معاوضہ اور دیگر مراعات دیں گے۔

 

پٹیالہ ہاؤز کورٹ میں سیکوریٹی کو یقینی بنانے سپریم کورٹ کی ہدایت
نئی دہلی ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے دہلی کے پولیس کمشنر کو ہدایت کی ہیکہ پٹیالہ ہاؤز کورٹ کامپلکس میں مناسب و خاطرخواہ سیکوریٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے جہاں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمار کو غداری کے الزامات کے تحت چلائے جانے والے مقدمہ کی سماعت کیلئے پیش کیا جارہا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے یہ ہدایت کی کہ عدالت میں وکلاء صفائی و استغاثہ کے بشمول افراد کے داخلہ کو محدود بنایا جائے۔ کنہیا کمار کی پولیس تحویل آج ختم ہوگئی جس میں مزید دو ان کے اضافہ کی درخواست کے ساتھ انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ جسٹس چلمیشور اور جسٹس اے ایم ساپرے پر مشتمل ایک بنچ نے دونوں فریقوں کی موجودگی میں کہاکہ ملزم کے دو ارکان خاندان کو بھی کمرہ عدالت میں داخلہ کی اجازت دی جائے۔ ان کی غیرموجودگی کی صورت میں ملزم کی طرف سے جے این یو فیکلٹی کے  ایک رکن اور یونیورسٹی کے ایک طالب علم کو داخلہ کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کے دوران اخباری نمائندوں کے داخلہ پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے صرف پانچ نمائندوں کو کارروائی کے دوران حاضر رہنے کی اجازت دی۔

TOPPOPULARRECENT