Sunday , August 20 2017
Home / سیاسیات / وزیراعظم کو ’’ہوا میں اڑان‘‘ کا شوق

وزیراعظم کو ’’ہوا میں اڑان‘‘ کا شوق

زمینی حقائق نظرانداز، کانگریس لیڈر راہول گاندھی کا الزام
شیخ پورہ (بہار) ۔ 7 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مو دی پر یہ الزام عائد کر تے ہوئے کہ 2014 ء کے پارلیمانی انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو انہوںنے فراموش کردیا ہے ۔نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ این ڈی اے حکومت صرف امیروں کیلئے کام کر رہی ہے جبکہ غریب اور کمزور طبقات مشکلات سے دوچار ہیں۔ ایک سال قبل نریندر مودی نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی اور ان کے انتخابی وعدوں سے عوام بخوبی واقف ہیں جنہوں نے کئی ایک وعدے بشمول کالا دھن واپس لانے اور ہرایک ہندوستانی کے کھاتہ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے نوجوانوں کو فراہمی روزگار اور کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت میں اضافہ کا وعدہ کیا تھا ۔ کانگریس لیڈر نے ضلع شیخ پورہ انتخابی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے شرکاء سے پوچھا کہ کوئی ایک شخص یہ بتادے کہ ان کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے  جمع کروائے گئے ہیں جبکہ وزیراعظم نے اب تک ایک بھی وعدہ کی تکمیل نہیں کی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی صرف اپنے کارپوریٹ دوستوں کی اندھا دھند حمایت اور اعانت کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ پنجاب ، مہاراشٹرا، تلنگانہ اور آندھراپردیش جیسی ریاستوں میں کسان مسلسل خودکشی کر رہے ہیں لیکن وزیراعظم کسانوں کے لواحقین کو معاوضہ کی ادائیگی پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم کے متواتر بیرونی دوروں پر اعتراض کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی ہمیشہ عالمی دوروں کیلئے ہوا میں اڑتے ہیں لیکن زمینی حقیقت دیکھنے سے قاصر ہیں۔ یہاں پر کسان اور بیروزگار نوجوان پریشان ہیں ۔ انہوں نے یہ امید ظاہر کی کہ بہار اسمبلی انتخابات میں جے ڈی یو ، آر جے ڈی اور کانگریس کا عظیم اتحاد کامیاب ہوجائے گا۔

TOPPOPULARRECENT