Monday , September 25 2017
Home / ہندوستان / وزیراعظم کی نقدی اور مجموعی دولت میں اضافہ

وزیراعظم کی نقدی اور مجموعی دولت میں اضافہ

نئی دہلی ۔ 24اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو دستیاب نقدی مالیتی سال 2015-16ء میں 19 گنا بڑھ کر 89,700 روپئے ہوگئی ہے جو مالی سال 2015ء میں صرف 4700 روپئے تھی۔ اس کے باوجود وزیراعظم کی نقدی ان کے کابینی رفقاء کے پاس دستیاب رقم کے مقابل اقل ترین ہے۔ مالی سال 2016ء میں وزیرفینانس ارون جیٹلی کے پاس 65.29 لاکھ روپئے کا سلک رہا۔ وزیرامورخارجہ سشماسوراج کے پاس 2.84 لاکھ روپئے اور وزیراطلاعات و نشریات وینکیا نائیڈو کے پاس 1.52 لاکھ روپئے دستیاب رہے۔ حکومت نے وزراء کے پاس دستیاب مالی اثاثوں کا اعلان کرتے ہوئے یہ تفصیلات پیش کئے ہیں۔ وزیراعظم کی جملہ دولت بشمول منقولہ اور غیرمنقولہ اثاثہ جات میں بھی اضافہ بتایا گیا ہے۔ تازہ اعدادوشمار کے مطابق مودی کی دولت میں مالی سال 2015ء کے مقابل 22.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مجموعی مالی اثاثہ جات 1.73 کروڑ روپئے بتائے گئے جو گذشتہ مالی سال میں 1.41 کروڑ روپئے تھے۔ وزیراعظم کے مالی سال 2016 میں بتائے گئے اثاثہ جات میں نیا اضافہ کتابوں سے حاصل ہونے والی رائلٹی ہے جو 12.35 لاکھ روپئے بتائی گئی۔ گذشتہ دو برسوں میں اثاثہ جات کے اعلامیہ کی تفصیلات میں کتابوں کی کوئی رائلٹی نہیں تھی۔

TOPPOPULARRECENT