Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / وزیراعظم کے انتخابی حلقہ سے سونیا کی مودی کو للکار

وزیراعظم کے انتخابی حلقہ سے سونیا کی مودی کو للکار

وارناسی ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کے انتخابی حلقہ میں مودی حکومت کو آج رات للکارتے ہوئے صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کہا کہ یہ حکومت مٹھی بھر لوگوں کی اور صنعتکاروں کی ہے جو اپنی ضروریات پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے وعدوں پر تعمیر کیا ہوا محل پائیدار نہیں ہوتا۔ عوام جلد ہی جواب طلب کریں گے اور جھوٹے وعدوں کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ صدر کانگریس نے درپردہ مودی اور دیگر بی جے پی قائدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے کہہ دینا چاہتی ہیں کہ جو لوگ کانگریس مکت بھارت کی بات کرتے ہیں آج انہیں کانگریس کی طاقت کا کوئی اندازہ نہیں ہے۔ کانگریس عوام کا ادارہ ہے۔ اس کے افکار ہندوستان کے ہر گوشہ، ہر دیہات اور ہر شہر میں موجود ہیں جنہیں فنا نہیں کیا جاسکتا۔ آج کسی کا بھی اندازفکر پورے ہندوستان کو متحد نہیں کرسکتا لیکن کانگریس کے بغیر جدید ہندوستان کا بھی کوئی تصور نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے گذشتہ دو سال میں عوام سے کئی وعدے کئے ہیں تاہم انہیںحیرت ہیکہ کونسی تبدیلی آئی ہے۔ غریب اور کمزور روزانہ حملوں کا نشانہ بنائی جارہی ہیں۔ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ سے ہماری بہنیں مصیبتوں اور کسان ہر قسم کی مشکلات اور مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ بیروزگاری کی صورتحال بدترین ہوچکی ہے۔ کیا یہ ہمارا فرض نہیں ہیکہ ہندوستان کے تکثیری تمدن کو برقرار رکھنے کی جدوجہد کی جائے۔ یوپی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس ریاست کو ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو غریبوں اور پسماندہ افراد کی خوشحالی اور ترقی، خواتین اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ریاست میں انتخابی مقابلہ کرے گی ۔

 

سونیا گاندھی کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے وزیراعظم کی نیک خواہشات
نئی دہلی ۔ /2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج سونیا گاندھی کی عاجلانہ صحتیابی اور صحت مندی کیلئے نیک خواہشات پیش کیں جبکہ وہ واراناسی میں اپنے جلوس کے اختتام پر بیمار ہوگئی تھیں ۔ وزیراعظم نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ واراناسی کے دورہ کے موقع پر سونیا گاندھی جی کی صحت کی خرابی کے بارے میں مجھے اطلاعات ملی ہے ۔ میں ان کی عاجلانہ صحتیابی اور اچھی صحت کیلئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں ۔ بعد ازاں انہوں نے شیلا ڈکشٹ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی جو یو پی کی چیف منسٹری کی کانگریسی امیدوار ہیں اور سونیا گاندھی کی صحت کے بارے میں دریافت کیا ۔

TOPPOPULARRECENT