Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / وزیراعظم کے تبصرہ کا خیرمقدم ، تاخیر کی شکایت

وزیراعظم کے تبصرہ کا خیرمقدم ، تاخیر کی شکایت

سرینگر ۔ 9 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کی برسراقتدار ڈیموکریٹک پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی کا کشمیر کی صورتحال پر تبصرہ پر اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایک تازہ آغاز ہوگا اور مسائل کی یکسوئی کیلئے مسلسل بات چیت کا طریقہ اختیار کیا جائے گا۔ پی ڈی پی قائد اور وزیرتعلیم نسیم اختر نے کہا کہ ان کی پارٹی مذاکرات کے ذریعہ کشمیر کے بحران کی یکسوئی پر یقین رکھتی ہے اور وادی میں امن قائم کرنا چاہتی ہے۔ دریں اثناء اپوزیشن کانگریس نے شکایت کی کہ وزیراعظم کا تبصرہ بہت تاخیر سے منظرعام پر آیا ہے۔ کشمیر میں 32 دن سے کرفیو اور انتشار پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے مدھیہ پردیش کے ایک جلسہ عام میں وزیراعظم نے جمہوریت اور مذاکرات کے ذریعہ انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت کے جذبہ کے احیاء کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

وزیراعظم کے جلسہ کیلئے اسکول بسوں کا استعمال
کھنڈوا ۔ 9 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کے جلسہ عام کیلئے اسکول بسوں کے استعمال کی وجہ سے آٹھویں جماعت کا طالب علم دیونش جین اسکول نہیں جاسکا۔ چنانچہ اس نے سماجی ذرائع ابلاغ پر وزیراعظم کے نام ایک مکتوب شائع کیا ہے اور کہا کہ اس کے ٹیچر نے اس سے منگل اور چہارشنبہ کو اسکول بند رہنے کی اطلاع دی تھی کیونکہ وزیراعظم کے جلسہ کیلئے اسکول بسوں کی ضرورت تھی۔ اپنے مکتوب میں دیونش نے کہا کہ جلسہ عام کیلئے آخر اسکول بسیں ہی کیوں؟۔

TOPPOPULARRECENT