Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / وزیرخارجہ سشماسوراج اداکاری کی ماہر : سونیا گاندھی

وزیرخارجہ سشماسوراج اداکاری کی ماہر : سونیا گاندھی

سشماکے بیان پر چدمبرم کا اعتراض، سونیا اور راہول پر بی جے پی کا جوابی وار

نئی دہلی ۔ 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سشماسوراج کی جانب سے للت مودی تنازعہ پر اپنے موقف کی وضاحت کے بعد بھی کانگریس کی تنقید میں کوئی کمی نہیں آئی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے ان کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سشماسوراج اداکاری کی ماہر ہیں جبکہ نائب صدر راہول گاندھی نے کہا کہ پورے معاملہ کو خفیہ رکھا جارہا ہے کیونکہ یہ پوری کارروائی ’’چوری‘‘ کی ہے۔ کانگریس ارکان اور دیگر اپوزیشن پارٹی قائدین ایوان پارلیمنٹ میں آج مسلسل چوتھے دن بھی احتجاج کرتے رہے۔ وزیرخارجہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ان کا رویہ ایسی صورتحال درپیش ہونے پر قطعی مختلف ہوتا۔ سشماسوراج ڈرامہ کررہی ہیں کیونکہ وہ اداکاری کی ماہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس خاتون کی بھرپور مدد کرتیں بشرطیکہ انہوں نے قانون شکنی نہ کی ہوتی۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ کو وضاحت کرنی چاہئے کہ سوراج کے خاندان کو للت مودی سے کتنی رقم حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب چوری ہوتی ہے تو دو باتیں یقیناً پیش آتی ہیں جو کچھ ہوتا ہے اسے خفیہ رکھا جاتا ہے اور رقمی لین دین ضرور ہوتا ہے۔ سشماسوراج معاملہ کو خفیہ رکھ رہی ہے اور اپنی وزارت تک کو بھی انہوں نے اندھیرے میں رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری والدہ ایسی اداکاری نہیں کرسکتیں۔ شماسوراج پر مزید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سشماجی بہت اچھی مقرر ہیں لیکن انہوں نے کھوکھلی تقریر کی ہے۔ ایسے وقت تقریر کی ہے جب ایوان میں اپوزیشن موجود نہیں تھا۔ سابق مرکزی وزیرفینانس پی چدمبرم نے آج لوک سبھا میں کہا کہ سشما سوراج نے للت مودی کو سفری دستاویزات حاصل کرنے میں مدد نہیں دینے کا دعویٰ کیا ہے اس لئے وہ جاننا چاہتے ہیں کہ اس معاملہ میں ان کی مداخلت کے 3 مختلف انداز میں سے کونسا سچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوراج کے تین مختلف قسم کے بیانات آئے ہیں۔ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ انہوں نے کونسے بیان میں سچ بولا ہے۔ بی جے پی نے آج سشماسوراج پر سونیا اور راہول گاندھی کی تنقید پر دونوں پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاندانی سیاست چاہتی ہیں۔ بی جے پی نے مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کو وزیرخارجہ کے دفاع کیلئے نامزد کیا۔ علاوہ ازیں لوک سبھا اسپیکر سشماسوراج نے کانگریس کے اعلیٰ سطحی قائدین پر ایک ایسے دن تنقید کی جبکہ سونیا اور راہول گاندھی نے سوراج کے خلاف بیان دیا تھا۔ گاندھی خاندان پر تنقید کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ اس ملک کے عوام جانتے ہیں کہ ایک خاتون کو اپنے گھریلو کاموں کے لئے سخت محنت کرنی پڑتی ہے بعدازاں سماج اور معیشت میں اپنا مقام بنانے کیلئے مزید جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ ایسی خواتین کے بچے بھی سخت محنت کرتے ہیں۔ کانگریس کو گاندھی خاندان کو استثنیٰ دینا ہوگا کیونکہ انہیں تیز دھوپ میں اپنا روزگار حاصل کرنے کیلئے پسینہ نہیں بہانا پڑتا۔

TOPPOPULARRECENT