Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / وزیر اعظم جھوٹ بول رہے ہیں: راہول گاندھی

وزیر اعظم جھوٹ بول رہے ہیں: راہول گاندھی

نئی دہلی۔4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج حکومت پر او آر او پی کے سلسلہ میں دبائو ڈالتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اس مسئلہ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ سبکدوش محکمہ دفاع کے ارکان عملہ صرف اضافہ شدہ پنشن حاصل کررہے ہیں۔ ان کے مطالبے ’’ایک رتبہ ایک پنشن‘‘ پر ہنوز عمل آوری نہیں کی گئی ہے۔ نائب صدر کانگریس نے کہا کہ او آر او پی فوج کے ارکان عملہ کا حق ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ یہ حق دے دے۔ وزیراعظم ایک رتبہ ایک پنشن کے بارے میں جو کچھ کہہ رہے ہیں بالکل جھوٹ ہے۔ سبکدوش ہونے والے فوجیوں کو صرف اضافہ شدہ پنشن حاصل ہورہی ہے۔ او آر او پی نہیں۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ 1.10 کروڑ روپئے کے جمود کا شکار قرضے جو 15 بڑے صنعتکاروں کو دیئے گئے تھے معاف کردیئے گئے۔ لیکن مرکزی حکومت فوجیوں اور کاشتکاروں کو کچھ بھی دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔ کل ہند کانگریس کے ہیڈ کوارٹر میں 60 تا 70 نامور سابق فوجی گزشتہ 509 دن سے جنتر منتر پر ہڑتال کرنے کے بعد اجلاس میں شرکت کے لئے آئے ہوئے تھے۔ دریں اثناء نائب صدر کانگریس نے اعلان کیا کہ وہ کئی سابق فوجیوں سے آج ملاقات کریں گے اور ایک رتبہ ایک پنشن کے لئے اپنی مہم جاری رکھیں گے۔ یہ مہم ایک سابق فوجی کی خودکشی کی وجہ سے دوبارہ سرخیوں میں آگئی ہے۔ کل نائب صدر کانگریس کو گرفتار کرلیا گیا تھا لیکن بعدازاں رہا کردیا گیا۔ ان کی گرفتاری کا مقصد انہیں جلوس کی قیادت کرنے سے روک تھا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ انہیں اپنی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں ہے اور نہ اس کی پرواہ ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں حکومت نے او آر او پی کا مراسلہ جاری کیا تھا، آخر اس پر عمل آوری کیلئے مزید کتنے دن لگیں گے؟

TOPPOPULARRECENT