Sunday , October 22 2017
Home / ہندوستان / وزیر اعظم مودی ملیشیا اور سنگاپور کے 4 روزہ دورہ پر روانہ

وزیر اعظم مودی ملیشیا اور سنگاپور کے 4 روزہ دورہ پر روانہ

نئی دہلی 20 نومبر ( سیاست ڈا کام ) وزیر اعظم نریندر مودی آج رات ملیشیا اور سنگاپور کے چار روزہ دورہ پر روانہ ہوگئے ۔ اس دورہ کے موقع پر وزیر اعظم دونوں ملکوں کے ساتھ باہمی تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے پر توجہ دینگے تاکہ ہندوستان میں مزید سرمایہ کاری حاصل کی جاسکے ۔ اپنے دورہ کے پہلے مرحلہ میں کوالا لمپور روانہ ہونے سے قبل نریندر مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ وہ ملیشیا اور سنگاپور کیلئے روانہ ہو رہے ہیں۔ وہ اس دورہ میں دو اہم چوٹی کانفرنسوں میں شرکت کرینگے ۔ باہمی ملاقاتوں میں حصہ لیں گے اور ہندوستان میں بھاری سرمایہ کاری حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ ملیشیا میں نریندر مودی آسیان ۔ ہندوستان چوٹی کانفرنس میں کل شرکت کرینگے ۔ اس کے علاوہ وہ دسویں مشرق ایشیا چوٹی کانفرنس میں دوسرے دن شرکت کرینگے ۔ وہ یہاں وزیراعظم ملیشیا نجیب رزاق سے ملاقات کرینگے اور چوٹی کانفرنسوں میں شریک ہونے والے دوسرے عالمی قائدین سے بھی ملاقاتیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ آسیان ۔ ہندوستان اور مشرق ایشیا چوٹی کانفرنس کابہت اہم وقت میں انعقاد عمل میں آ رہا ہے اور سب مل کر سکیوریٹی مسائل پر تبادلہ خیال کرینگے ‘ دہشت گردی سے درپیش خطرات اور مغرب ایشیا کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائیگا ۔ سنگاپور میں نریندر مودی وزیر اعظم لی ہسین لونگ کے ساتھ باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ دونوں ملکوں کے مابین سفارتی تعلقات کا یہ 50 واں سال ہے ۔ مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ ان کے دورہ ملیشیا اور سنگاپور کا مقصد ان ملکوں کے ساتھ ہندوستان کے معاشی تعلقات کو مستحکم بنانا اور سکیوریٹی تعاون کووسعت دینا ہے ۔ انہوں نے ملیشیا کے تعلق سے کہا کہ ملیشیا سے تعلقات مشرق کے ساتھ کام کرنے کی ہندوستان کی پالیسی کا اہم ترین حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آسیان ممالک کے ساتھ ہندوستان کی شراکت کو کئی برسوں میں زبردست تقویت حاصل ہوئی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید وسعت عطا کی جائے اور انہیں مزید بلندیوں تک لیجایا جائے ۔

TOPPOPULARRECENT