Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / وزیر اعظم مودی نے 12 فیصد مسلم تحفظات بل کی منظوری کا تیقن دیا

وزیر اعظم مودی نے 12 فیصد مسلم تحفظات بل کی منظوری کا تیقن دیا

حیدرآباد۔/24مئی، (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی صدر بی جے پی امیت شاہ کی جانب سے مخالفت پر شدید برہمی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس معاملہ میں دوہرا معیار اختیار کررہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اوڈیشہ میں بی جے پی عاملہ اجلاس میں خود وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ مسلمانوں میں پائی جانے والی پسماندگی کی بنیاد پر انہیں قومی بی سی کمیشن کی سفارشات کے مطابق تحفظات فراہم کئے جانے چاہیئے۔ چندر شیکھر راؤ نے دہلی میں منعقدہ نیتی آیوگ اجلاس کے بعد وزیر اعظم سے ہوئی ملاقات کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ انہوں نے تلنگانہ اسمبلی میں مسلم تحفظات بل کی منظوری کے بارے میں واقف کرایا جس پر وزیر اعظم نریندر مودی نے مسلمانوں کی پسماندگی کی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے تیقن دیا کہ وہ بل روانہ کریں اسے منظوری دی جائے گی۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کو مذہب کی بنیاد پر تحفظات فراہم نہیں کئے جارہے ہیں بلکہ معاشی اور سماجی پسماندگی کی بنیاد پر 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے بل منظور کیا گیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس بل کو منظوری دیں گے۔ اگر ایسا نہ ہو تو ٹی آر ایس اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے مسلمانوں کو بہر صورت 12 فیصد تحفظات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

TOPPOPULARRECENT