Wednesday , August 16 2017
Home / سیاسیات / وزیر اعظم مودی کیخلاف کانگریس کے الزامات بے بنیاد

وزیر اعظم مودی کیخلاف کانگریس کے الزامات بے بنیاد

اپوزیشن ، حکومت کو ترقیاتی ایجنڈہ پر عمل سے روکنے میں ناکام ۔ بی جے پی کی جوابی تنقید
نئی دہلی 6 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج کانگریس اور اس کے خاندان اول پر الزام عائد کیا کہ وہ گجرات اراضی معاملت مسئلہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کر رہی ہے تاکہ خود اس کے کرپشن اور دھوکہ دہی سے توجہ مبذول کروائی جاسکے ۔ کانگریس کو جھوٹے الزامات عائد کرنے میں تاریخ رکھنے والی جماعت قرار دیتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی کو رشوت کے مسئلہ پر اظہار خیال کرنے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ خود اس کے اعلی قائدین کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی ابھی سے مجوزہ بجٹ سشن میں پارلیمنٹ کی کارروائی کو روکنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔  بی جے پی کے قومی سکریٹری شریکانت شرما نے الزام عائد کیا کہ گجرات میں اراضیات کا جو الاٹمنٹ ہوا ہے وہ قانون کے مطابق ہیں اور اسے انتہائی شفاف انداز میں سہ پرتی جانچ پڑتال کے بعد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دوسروں کے خلاف غلط اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کی تاریخ رکھتی ہے ۔

وہ حکومت کے خلاف الزامات ثابت کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی مخالف غریب اور مخالف ترقی ہے ۔ در اصل وہ نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے حکومت میں ہوئی پیشرفت کو ہضم نہیں کر پا رہی ہے اسی لئے وہ حکومت کا امیج متاثر کرنے کی کوشش کررہی ہے اور قوم کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مودی کے چیف منسٹر گجرات کے دور میں کی گئی اراضی الاٹمنٹ پر تنقید کر رہی ہے جبکہ یہ الاٹمنٹ پورے قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد انتہائی شفاف انداز میں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ‘ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سے قبل ایسے حالات پیدا کر رہی ہے کہ اسے ایوان کی کارروائی میں خلل پیدا کرنے کا موقع مل سکے ۔ وہ چاہتی ہے کہ ملک میں ترقیاتی عمل کو روکا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کانگریس قیادت کی مایوسی کا پتہ چلتا ہے کیونکہ وہ مودی اور اُن کی حکومت کو قوم کی ترقی کیلئے اچھے کام کرنے سے روکنے میں ناکام ہوگئی  اور  اپوزیشن کی تمام کوششوں کے باوجود حکومت پیشرفت کر رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT