Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / وزیر اعظم نریندر مودی کا کل دورہ تلنگانہ

وزیر اعظم نریندر مودی کا کل دورہ تلنگانہ

گجویل میں مشن بھاگیرتا کا افتتاح اور کئی پراجکٹس کا سنگ بنیادرکھیں گے
حیدرآباد 5 اگسٹ (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہاکہ 7 اگسٹ کو وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ تلنگانہ کے انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے۔ ہریش راؤ جو میدک میں قیام کرتے ہوئے گجویل میں وزیراعظم کے پروگراموں کے انتظامات کو قطعیت دے رہے ہیں، میڈیا کو بتایا کہ وزیراعظم گجویل میں مشن بھاگیرتا پروگرام کا آغاز کریں گے اور وہیں سے مختلف ترقیاتی اسکیمات کا ریموٹ کے ذریعہ افتتاح کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد وزیراعظم کی حیثیت سے نریندر مودی کا یہ پہلا دورہ ہے اور ریاستی حکومت کو اِس دورہ سے کافی توقعات ہیں۔ ہریش راؤ نے کہاکہ وزیراعظم کا شایان شان استقبال کیا جائے گا۔ وزیراعظم 1200 میگاواٹ کے برقی پلانٹ کو قوم کے معنون کریں گے۔ راماگنڈم فرٹیلائزر فیاکٹری کا ریموٹ کے ذریعہ آغاز کیا جائے گا۔ کوتہ پلی ۔ منوہرآباد ریلوے لائن کے کاموں کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ گجویل میں تین علیحدہ اسٹیج تعمیر کئے جارہے ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ 18 اہم شخصیتوں کے لئے شہ نشین پر انتظامات کئے جائیں گے اور جلسہ عام میں دو لاکھ افراد کی شرکت کا امکان ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں وزیراعظم کے جلسہ عام میں پڑوسی اضلاع سے عوام کی شرکت متوقع ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 170 ایکر اراضی پر پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور جلسہ عام کے مقام پر جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ سکیوریٹی انتظامات کے لئے پولیس کے خصوصی دستوں کو تعینات کیا جائے گا اور سکیورٹی حکام نے ابھی سے علاقہ کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ وزیراعظم نئی دہلی واپسی سے قبل لال بہادر اسٹیڈیم حیدرآباد میں بی جے پی تلنگانہ یونٹ کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ تلنگانہ میں نریندر مودی کا یہ پارٹی کارکنوں سے پہلا خطاب ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT