Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ تلنگانہ ، برق رفتار تیاریاں

وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ تلنگانہ ، برق رفتار تیاریاں

حیدرآباد4اگست (یواین آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ تلنگانہ کے پیش نظر تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ ریاستی حکومت نے اس دورہ کو وقار کا مسئلہ بنالیا ہے ۔ وزیر اعظم 7اگست کو ضلع میدک میں دیہی علاقوں کو صاف پینے کے پانی کی سپلائی کے پروگرام مشن بھگیرتا کا افتتاح کریں گے ۔ان کے دورہ کے پیش نظر تقریب گاہ میں ایک بڑا ڈائس بنایا جارہا ہے اور اس تقریب کے اہتمام کیلئے 25کروڑ روپئے خرچ کرنے کی بھی رپورٹس ملی ہیں۔ جلسہ کے موقع پر خصوصی ڈیزائن کئے ہوئے شیڈس اور خیمے لگائے جائیں گے ۔ 12ایکر اراضی پر دو لاکھ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش کی فراہمی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ تقریب گاہ میں رین پروف اور سن پروف شیڈس لگائے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم کی تقریر کی سماعت کی سہولت پہونچانے کیلئے 50ایل ای ڈیز اسکرینس کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ مشن بھگیرتا کی یادگار کی تعمیر پر ایک کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں اور وزیر اعظم کے ہیلی پیڈکیلئے 50لاکھ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی سکیوریٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اسپیشل پروٹیکشن گروپ کی ٹیم آج حیدرآباد پہونچی۔ ایس پی جی کی ہری جھنڈی کے بعد ہی وزیر اعظم دورہ کریں گے ۔ اس ٹیم نے تلنگانہ پولیس سے ملاقات کی جس نے وزیر اعظم کے دورہ کے روٹ میپ سے واقف کروایا۔ وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ کے وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ کے حلقہ گجویل کا دورہ کریں گے ۔ اس کے بعد وہ ضلع کریم نگر کے راما گنڈم جائیں گے ۔ دہلی واپسی سے پہلے وہ حیدرآباد میں لال بہادر اسٹیڈیم میں بی جے پی کے جلسہ سے خطاب کریں گے ۔ وزیر اعظم 7اگست کو بیگم پیٹ ایر پورٹ سے دہلی واپس ہوں گے ۔

TOPPOPULARRECENT