Saturday , June 24 2017
Home / Top Stories / وزیر اعظم نے کوچی میٹرو ریل کو قوم کے نام معنون کیا

وزیر اعظم نے کوچی میٹرو ریل کو قوم کے نام معنون کیا

مودی نے میٹرو میں 13 منٹ سفر کیا، مرکز اور حکومت کیرالا کا 50-50 جوائنٹ وینچر
کوچی 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کوچی میٹرو کا پہلا مرحلہ قوم کے نام معنون کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے عوام پر مبنی رویہ اختیار کرنے اور استعمال اراضی اور ٹرانسپورٹ کو مربوط کرتے ہوئے شہری منصوبہ بندی میں معیاری تبدیلی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مودی نے کہاکہ گزشتہ تین سال میں اُن کی حکومت نے قوم کی مجموعی انفراسٹرکچر ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ پرگتی میٹنگس میں اُنھوں نے شخصی طور پر لگ بھگ 175 پراجکٹس مالیتی زائداز 8 لاکھ کروڑ روپئے کا جائزہ لیا اور اِس میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا۔ وہ ہمہ مقصدی اور ملٹی ماڈل پلیٹ فارم پرگتی (فعال حکمرانی اور بروقت عمل آوری ) کا ذکر کررہے تھے۔ مودی نے کہاکہ اُن کی حکومت اگلی نسل کے لئے درکار انفراسٹرکچر پر بھی توجہ مرکوز کررہی ہے جس میں لاجسٹکس، ڈیجیٹل اور گیس شامل ہیں۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر کی شروعات ملیالم میں کی اور بعد میں کہاکہ اُنھیں کوچی میٹرو کے افتتاح کا حصہ بن کر خوشی ہوئی ہے۔ ’’میں اِس فخریہ لمحہ پر کوچی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔ وزیراعظم نے کہاکہ کوچی بحیر ۂ عرب کے شاہانہ مقام کا درجہ رکھتا ہے، یہ کبھی مسالحوں کی تجارت کا اہم مرکز ہوا کرتا تھا۔ آج یہ کیرالا کا تجارتی دارالحکومت بن گیا ہے۔ کوچی میٹرو ریل لمیٹیڈ مرکز اور ریاستی حکومت کا 50-50 جوائنٹ وینچر ہے۔ مودی نے کہاکہ مرکز نے ابھی تک اِس پراجکٹ کے لئے زائداز 2 ہزار کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں۔ وزیر اعظم مودی آج کیرالا کے گورنر جسٹس پی سداشیوم، وزیر اعلی پنارائی وجین، مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو، میٹرو مین انجینئر سری دھرن ،بی جے پی کے ریاستی صدر کممانم راج شیکھرن و دیگر معزز شخصیات کے ساتھ پلاری ویٹٹم اسٹیشن پہنچے ۔ وہاں انہوں نے سب کے ساتھ فیتہ کاٹ کر میٹرو کا باضابطہ افتتاح کیا۔وزیر اعظم نے میٹرو کا افتتاح کرنے کے بعد وزیراعلی وجین اور میٹرو مین سری دھرن کو مبارکباد پیش کی۔بعد ازاں مودی نے دیگر شخصیات کے ساتھ میٹرو کی 13 منٹ کی سواری کی۔وہ پلاری ویٹٹم اسٹیشن سے پتھاڈی پالم اسٹیشن تک گئے اور واپس پھر پلاری ویٹٹم آگئے ۔ میٹرو کی آمدورفت کل سے باضابطہ شروع ہوجائے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT