Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / وزیر اعظم کے ہاتھوں جنوری میں میٹرو ٹرین سرویس کا افتتاح

وزیر اعظم کے ہاتھوں جنوری میں میٹرو ٹرین سرویس کا افتتاح

ناگول تا بیگم پیٹ ، میاں پور تا امیر پیٹ سرویس کا آغاز متوقع
حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہریوں کو بہت جلد ایک نئے ٹرانسپورٹ نظام کی سہولت فراہم ہوجائے گی ۔ آئندہ سال جنوری کے پہلے ہفتہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں میٹرو ٹرین کا افتتا ح کروانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ دو کاریڈر کے تحت ناگول تا بیگم پیٹ، اور میاں پور تا امیر پیٹ میٹرو ٹرین چلانے کا کام تقریباً مکمل ہوگیا۔ سکندرآباد ایلفنٹا برج کے پاس ٹریفک روک کر دن رات جنگی خطوط پر تعمیری کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں اور عوام لمبے عرصے سے جس کا انتظار کررہے تھے وہ میٹرو ٹرین پٹریوں پر دوڑنے کیلئے تیار ہورہی ہے۔ اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت ہوگیا تو ہوسکتا ہے کہ آئندہ سال 3 جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی میٹرو ٹرین کا افتتاح بھی کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے اپنے دورہ دہلی کے دوران ہی میٹرو ٹرین کا افتتاح کرنے کی وزیر اعظم سے خواہش کی تھی جس سے نریندر مودی نے بھی اتفاق کرلیا تھا۔ میٹرو ٹرین کے دوکاریڈر کے افتتاح کیلئے عہدیدار جنگی خطوط پر کام کررہے ہیں۔ امیر پیٹ اور سکندرآباد ایلفنٹا برج کے پاس ٹریفک روکتے ہوئے دن رات کام کیا جارہا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں 72کیلو میٹر تک میٹرو ٹرین چلانے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے حکومت نے کاموں کا آغاز کیا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بناء سے پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کے کاموں کا آغاز نہیں ہوپایا۔ فی الوقت 66 کیلو میٹر میٹرو ٹرین کی تعمیری سرگرمیاں جاری ہیں۔ ایک سال قبل ہی ناگول تا مٹوگوڑہ 8 کیلو میٹر تک تعمیری کام مکمل ہوئے۔ سیکورٹی اور جانچ کے کاموں کی بھی تکمیل ہوگئی ہے۔8 کیلو میٹر کے احاطے میں 7 میٹرو ریلوے اسٹیشنس ہیں۔ میاں پور تا ایس آر نگر تک 12 کیلو میٹر کے تعمیری کام تقریباً 8 ماہ قبل مکمل ہوگئے جس کے احاطہ میں 10 میٹرو اسٹیشنس ہیں۔ پراجکٹ مکمل ہونے تک ان دونوں کاریڈرس میں میٹر ٹرین چلانا فائدہ مند نہیں ہوگا سوچ کر میٹرو ٹرین کا آغاز نہیں کیا گیا۔ مٹو گوڑہ تا بیگم پیٹ تعمیری کام تقریباً مکمل ہونے کے قریب ہے۔ ایلفنٹا برج سکندرآباد کے پاس بڑے پیمانے پر کام جاری ہے اس کی تکمیل پر بیگم پیٹ تک میٹرو ٹرین چلانے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

TOPPOPULARRECENT