Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا شہر میں اچانک دورہ

وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا شہر میں اچانک دورہ

علاقوں اور سڑکوں کا مشاہدہ ، خراب سڑکوں پر عہدیداروں پر برہمی
حیدرآباد 13جولائی (یواین آئی ) تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کل رات دیر گئے شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا ۔ اس دورہ کا آغاز رات 11بجے کوکٹ پلی سے ہوا جو دو بجے شب تک جاری رہا ۔ انہوں نے کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی اور کارپوریشن کے دیگر اعلی افسروں کے ساتھ کوکٹ پلی ‘ پنجہ گٹہ ‘ کے بی ایچ پی ‘ ایس آر نگر ‘ امیر پیٹ اور دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور شہریوں کی بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ نامکمل سڑکوں کی مرمت اور بنیادی سہولتوں کی کمی پر انہوں نے کارپوریشن کے افسروں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے زیر التوا کاموں کو جنگی خطوط پر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے سڑکوں کی تعمیر ‘ پانی کی سپلائی اور بس اسٹینڈس کے مسائل کا بھی جائزہ لیا اور افسروں کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے مناسب منصوبہ بندی کی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ چند دن بعد کارپوریشن کے حدود میں پھر ایک مرتبہ اچانک دورہ کریں گے ۔ انہوں نے سڑکوں کی مرمت کے کاموں کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت دی اور اس سلسلہ میں افسروں سے تبادلہ خیال بھی کیا ۔ ان کے دورہ کے موقع پر بعض مقامات پرسڑکوں پر جمع پانی دیکھ کر انہوں نے برہمی ظاہر کی اور فوری طور پر اس مسئلہ کے حل پر بھی زور دیا ۔

TOPPOPULARRECENT