Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / وزیر خارجہ سعودی عرب کی وزیراعظم سے ملاقات

وزیر خارجہ سعودی عرب کی وزیراعظم سے ملاقات

آئندہ ماہ وزیراعظم کے دورۂ سعودی عرب سے قبل دونوں قائدین کا اہم تبادلہ خیال
نئی دہلی 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے آئندہ ماہ دورہ سعودی عرب سے قبل وزیر خارجہ سعودی عرب عادل بن احمد الجبیر نے اُن سے ملاقات کی جس کے دوران اُنھوں نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ کلیدی شعبوں جیسے تجارت، صیانت اور انسداد دہشت گردی میں باہمی تعاون میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔ دونوں قائدین نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے بارے میں نظریات پر تبادلہ خیال کیا۔ اِن میں تجارت، سرمایہ کاری، برقی توانائی اور صیانتی تعاون شامل ہیں۔ دونوں قائدین نے علاقائی صورتحال پر بھی غور کیا۔ وزیر خارجہ سعودی عرب اور وزیراعظم ہندوستان نے اتفاق کیاکہ دونوں ممالک اس علاقہ میں امن و استحکام سے مشترکہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں پرزور انداز میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اپنے گہرے اور دوستانہ تعلقات رکھنے والے ملک سعودی عرب کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ نریندر مودی نے بھی یقین ظاہر کیاکہ اُن کا آئندہ دورہ باہمی دفاعی شراکت داری کو ایک نئی سطح پر پہنچادے گا۔ وزیراعظم آئندہ ماہ 2 اپریل سے دو روزہ سرکاری دورہ پر سعودی عرب جائیں گے۔30  مارچ کو بیلجیم اور 31 مارچ کو امریکہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ نیوکلیر صیانتی چوٹی کانفرنس میں واشنگٹن میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ سعودی عرب نے کہاکہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو ان کا ملک اپنی خارجہ پالیسی میں اہم مقام دیتا ہے اور ہندوستانی برادری کی سعودی عرب کی ترقی میں ادا کئے ہوئے کردار کی ستائش کرتا ہے۔ 24 گھنٹے طویل دورہ کے موقع پر وزیر خارجہ سعودی عرب اپنی ہم منصب سشما سوراج سے باہمی، علاقائی اور کثیر جہتی مفاد پر مبنی مسائل پر ٹھوس بات چیت کرچکے ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT